موو آن پارٹی نے کراچی میں جنرل راحیل کی حمایت میں پھر بینر لگا دئیے

کراچی (نیٹ نیوز+ بی بی سی) کراچی میں ایک بار پھر ’موو آن پارٹی‘ کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل کی حمایت میں مصروف شاہراہوں پر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ بینرز پر جنرل راحیل شریف کی تصویر کے علاوہ کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے دو فوجیوں کی تصاویر کے ساتھ مووآن پارٹی کے سربراہ محمد کامران کی بھی تصویر ہے۔ مووآن پارٹی کے چیئرمین محمد کامران نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد فوج سے اظہار یکجہتی ہے اور اس کے علاوہ ہمارا کوئی اور سیاسی مقصد نہیں سوائے اس کے کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت ہوتی ہے تو پوری قوم فوج ساتھ ہے۔ فی الوقت یہ بینرز صرف کراچی ہی میں آویزاں کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے، یہ جرم نہیں۔ انھوں نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔ جو بھی پاکستانی کی سالمیت کے لیے لڑے گا وہ اس کے بھی بینرز لگائیں گے۔ یاد رہے کہ مووآن پارٹی کی جانب سے اس سے پہلے بھی جنرل راحیل شریف کی حمایت میں بینرز لگائے گئے تھے جن پر ’جانے کی باتیں جانے دو، اب آجاؤ‘ جیسے نعرے درج تھے۔ اس وقت ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کے سربراہ محمد کامران کو گرفتار کیا گیا تھا، اس وقت وہ ضمانت پر ہیں۔ محمد کامران نے بتایا کہ ان کی جماعت الیکشن کمیشن میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے، اسی نام سے ان کی ایک این جو او بھی رجسٹرڈ ہے، وہ پنجاب اور سندھ کے کچھ اضلاع میں تعلیم اور صحت کیلئے کام کرتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں