مودی احمقانہ باتیں نہ کریں ،منموہن سنگھ
سابق بھارتی وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے مرکزی رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ نے گجرات انتخابات میں پاکستانی مداخلت مودی کے الزامات کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی فائدے کے لئے عوام کو گمراہ نہ کریں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی وزیراعظم نےمودی کے بیان پر انہیں کھری کھری سنادیں اور کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر سے خفیہ ملاقات کا الزام بے بنیاد ہے۔
منموہن سنگھ نے کہاکہ مودی سابق وزیراعظم اورآرمی چیف سمیت ہر آئینی عہدے کو بدنام کرنے کی خطرناک مثال قائم کر رہے ہیں، کانگریس کو نیشنل ازم کے بارے میں کسی وعظ کی ضرورت نہیں عوام کانگریس اور ان کی خدمات کو بخوبی جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے مودی کی طرف سے محض سیاسی فائدے کےلئے احمقانہ الزام تراشی پر دکھ ہوا دراصل گجرا ت کے انتخابات میں شکست واضح نظر آنے پر مودی بوکھلاہٹ کاشکار ہیں۔