ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانا سب کی ذمہ داری، بلاول

اسلام آباد (نیوز وی او سی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے سیاسی حالات، موجودہ داخلی و خارجی صورتحال اور پاناما کیس کے تناظر میں نواز شریف کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی جنرل سیکرٹری نرگس فیض ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا یہ فرض ہے کہ وہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور فاضل عدالت کے حکم پر قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد نواز شریف پر استعفے کیلئے دباؤ ڈالیں اور ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کیلئے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں، ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل صرف پیپلز پارٹی ہی حل کریگی ، پیپلز پارٹی ہی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ، یہ ہی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔ سیاسی رپورٹر کے مطابق بلاول بھٹو نے کوئٹہ کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود نتائج نہیں دیئے جا رہے ، پیپلز پارٹی اپنے مینڈیٹ کے ساتھ ہیرا پھیری برداشت نہیں کریگی ۔ بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار کارکنوں کو رہا اور دھاندلی کی شفاف تحقیقات کی جائے ۔ ادھر بلاول بھٹو نے پنجاب میں احتجاجی سرگرمیوں کیلئے منگل کے روز اہم اجلاس طلب کرلیا ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بلاول بھٹو پنجاب میں احتجاجی سرگرمیوں کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل دینگے ۔ بلاول بھٹو پیر کے روز اسلام کچہری دھماکے کے شہدا کی یادگار پر جائینگے ۔ وہ نیشنل پریس کلب کا بھی وز ٹ کرینگے ، بلاول بھٹو اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔