ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد( نیوز وی او سی آن لائن) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور بجلی کے شعبےمیں بھاری سرمایہ کاری ہورہی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے ملاقات کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا مقصد پاکستان کے عوام کی خدمت اور ملک کوبھرپور انداز میں ترقی کی راہ پرگامزن کرنا ہے جب کہ حکومت کی پالیسیوں کا مقصد عوام کی خدمت اور انہیں با اختیار بنانا ہے۔
وزیراعظم نے پالیمنٹیرینز پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ان سے قیمتی آراء بھی لیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور بجلی کے شعبےمیں بھاری سرمایہ کاری ہورہی ہے جب کہ حکومت شاہراہوں کے مربوط نیٹ ورک اور توانائی شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کے ساتھ صحت اور تعلیم کے انتہائی اہم شعبوں پر بھی توجہ دے رہی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت صحت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صحت کے بارے میں وزیراعظم کے قومی پروگرام پر عملدرآمد میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نے نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزارت کو ہدایت کی کہ قومی صحت پروگرام کا دائرہ کار فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت پورے ملک تک بڑھایا جائے اور عملدرآمد کی سطح پر موثر نگرانی نظام یقینی بنائی جائے جب کہ اس میں کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں صحت کے بارے میں وزیراعظم کے قومی پروگرام پر عملدرآمد کرے گی۔