ملک سے وفاداری ہم سب کی پہلی تر جیح:جنرل زبیر محمود

کراچی(اے پی پی،مانیٹرنگ سیل)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘پاک چین اقتصادی راہداری کوسبوتاژکرنے کیلئے افغانستان سے کام کررہی ہے ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادینگے ۔پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطورمہمان خصوصی خطاب میں جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ ملک سے وفاداری ہم سب کی پہلی ترجیح ہے اور پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اورسلامتی میں مرکزی کردار ہے ، پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اورطاقت کا مظہرہیں۔بھارتی خفیہ ایجنسی افغانستان اور دیگر علاقوں سے پاکستان بھربالخصوص بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ،غیرملکی خفیہ ایجنسیوں بالخصوص’را‘کے پاکستان کیخلاف مذموم عزائم سے اچھی طرح آگاہ ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسی ملک میں بے چینی اورعدم استحکام پیدا کرکے اربوں ڈالر مالیت کے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ ہم سی پیک کیخلاف’را‘کی سازشوں سے بھی بخوبی واقف ہیں،پاکستان کوتقسیم کرنے کی کوششیں ماضی میں ناکام ہوئیں اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا،ہم مربوط اجتماعی کوششوں کے ذریعے تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہیں،سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ملکر مقامی پراکسیز کے ذریعے فعال بیرونی سٹیٹ سپانسرڈ عناصر کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہیں،پاکستان کی امن اور استحکام کی خواہش ون وے ٹریفک نہیں جبکہ علاقائی مسائل کے حل کیلئے پاکستان کو خاص اہمیت حاصل ہے ، پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اورطاقت کا مظہر ہیں اور مسلح افواج نے پاکستان کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کا عزم کیا ہوا ہے ،آپریشن’ردالفساد‘محض ایک مہم نہیں بلکہ اسکا مقصد دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کا خاتمہ ہے ،پاکستان پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے تاہم اپنے قومی مفادات ، خود مختاری اور ملی وقار پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے ، افغانستان میں استحکام وسلامتی پاکستان کی سکیورٹی کیلئے انتہائی ضروری ہے ،اس سلسلہ میں دو طرفہ اور کثیرالجہتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔جنرل زبیرمحمودنے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر تشویش ہے ۔خیال رہے کہ پاک بحریہ کی 107 ویں مڈ شپ مین اور 16 ویں شارٹ سروس کمیشن کے تحت100افسرپاس آؤٹ ہوئے جن میں سے 72 پاکستانی جبکہ28کاتعلق بحرین،قطراورسعودی عرب سے ہے ۔