ملائیشیا کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید نوزیربن سید یوسف نے کہا ’’میڈ ان گوجرانوالہ ‘‘ مصنوعات کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتا ،(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
گوجرانوالہ15اپریل 2017ء
ملائیشیا کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید نوزیربن سید یوسف نے کہا ہے کہ ’’میڈ ان گوجرانوالہ ‘‘ صنعتی نمائش میں لگائی گئی مصنوعات کی کوالٹی نہایت شاندارہے مصنوعات کی کوالٹی سے لگ رہا ہے کہ یہاں کے ہنر مند بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں جنہوں نے محنت ،لگن اور جس انداز سے یہ دیدہ زیب مصنوعات تیار کی ہیں میں تو کیا کوئی بھی ان مصنوعات کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتا ۔انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اور جی بی سی کی تمام انتظامیہ کو اس شاندار صنعتی نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اور جی بی سی کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر چیمبر کے صدر سعید احمد تاج ،چیئرمین جی بی سی خواجہ ضرارکلیم،سینئر نائب صدر شیخ عبدالرؤف ،سابق صدور اخلاق احمد بٹ ،خواجہ خالد حسن ،خواجہ طاہر حسن ،اراکین مجلس عاملہ کے علاوہ اسکندرہرمن سیکنڈ سیکریٹری ملائشیا ایمبیسی بھی موجود تھے۔
ڈپٹی ہیڈ آف مشن ملائیشیاسید نوزیربن سید یوسف نے کہا کہ گوجرانوالہ میں تیار ہونے والی مصنوعات کی ملائیشیا میں تشہیر ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں چیمبر کے اراکین پر زور دیا کہ وہ ملائشیا میں ہونے والے ٹریڈ فیئرز اور صنعتی نمائشوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ میں ملائیشین حکومت سے اپیل کرونگاکہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان فری ٹریڈ ایگرمنٹس کو زیادہ سے زیادہ ترجیحی دی جائے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان میں بے شمار کاروباری مواقع موجود ہیں اس سلسلہ دونوں ممالک سے تجارتی وفود کا تبادلہ بے حد ضروری ہے ۔گوجرانوالہ چیمبربزنس کمیونٹی پر مشتمل ایک کاروباری ڈیلی گیشن ترتیب دے ملائیشیا ایمبیی ہر لحاظ سے ان کی مدد کرے گی ۔
قبل ازیں گوجرانوالہ بزنس سنٹر کے چیئرمین خواجہ ضرارکلیم نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے انہیں ’’میڈ ان گوجرانوالہ‘‘ صنعتی نمائش میں آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کی آمد کو گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے ملائیشیامیں تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے نہایت خوش آئند قرار دیا ۔انہوں نے انہیں گوجرانوالہ میں تیار ہونے والی مصنوعات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔مزید برآں ملائیشین وفد نے جی بی سی میں ’’میڈ ان گوجرانوالہ ‘‘ صنعتی نمائش کا تفصیلی دورہ کیا۔