مغربی دنیا میں مسلمانوں سے منافرت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے
اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی دنیا میں مسلمانوں سے منافرت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔ کینیڈا ایک ایسا ملک تھا جہاں ایسے واقعات نہ ہونے کے برابر تھے تاہم اب وہاں سے بھی ایک ایسی خبر آ گئی ہے کہ سن کر مسلمان غصے سے آگ بگولہ ہو جائیں۔ سی بی سی کینیڈا کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں تین مسلمان خواتین کے حجاب کھینچ کر اتارے جانے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔حملہ آور نے مختلف جگہوں پر تینوں خواتین پر اس وقت حملہ کیا جب وہ بس سٹاپ پر بس کے انتظار میں کھڑی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان تینوں وارداتوں میں ایک ہی شخص ملوث تھا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کی عمر 40سال کے لگ بھگ ہے۔ اسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس کی طرف سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ کوئی ان واقعات کا عینی شاہد ہے تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔ اس کے علاوہ کسی اور مسلم خاتون پر بھی حملہ کیا گیا ہو تو وہ بھی پولیس کو رپورٹ کرے۔