ایڈیٹرکاانتخاب

معاشی جادوگروں نے معاشی ترقی اور خوشحالی کےسبز باغ دکھا کر دھوکہ دیا :سینیٹر سراج الحق

دیر(نیوز وی او سی آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ روپے کو خاک میں ملانے اور ڈالر کو کو سونے کا تاج پہنانے والے وہی معاشی جادوگر ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوام کو معاشی ترقی اور خوشحالی کے سبز باغ دکھاکر دھوکا دیا ، قومی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی ،لندن ، دبئی اور سوئس بنکوں میں لوٹی گئی دولت جمع کرانے والوں نے روپے کی بے قدری کر کے ملکی معیشت کو تباہ کر دیاہے ، ہم حکومت کی معاشی پالیسی کی مذمت اور اسے مسترد کرتے ہیں جس نے عوام کو مہنگائی اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا ، متحدہ مجلس عمل ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں آئی ہے، اب ملک سے منفی ، انتہا پسندانہ اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ اور شائستہ اور بااخلاق سیاست ہوگی،ملک کی پانچ بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد قوم اور امت کے لیے خیر و برکت کا پیغام ہے،عدالت عظمیٰ کے بار بار احکامات کے باوجود راﺅ انوار کا گرفتار نہ ہونا ملک کے انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی ناکامی ہے، بالاآخر راﺅ انوار نے خود عدالت میں آ کر گرفتاری دی ہے جس نے ثابت کر دیاہے کہ قانون صرف غریبوں کے لیے ہے ، بااثر لوگ ہمیشہ قانون سے ماورا سمجھے جاتے ہیں ، وزیراعظم کی اپنی ایئر لائن اور کمپنیاں مسلسل ترقی کر رہی ہیں جبکہ پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھاﺅ بیچا جارہاہے، پی آئی اے قومی ادارہ ہے اسے کسی صورت بکنے نہیں دیں گے ۔
دیر خاص میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایم ایم اے کی سیاست کا مقصد ملک میں شریعت کے نظام کا نفاذ ہے ہماری سیاست کسی خاندان ، جاگیردار اور وڈیرے کے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اللہ کے نظام کے لیے ہے،سیکولر لابی لینڈ اور ڈر گ مافیا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ نہیں چاہتے کہ ملک میں دینی قوتیں مضبوط ہوں اور بر سراقتدار آئیں ۔ انہوں نے کہاکہ مغرب چاہتاہے کہ دیندار لوگ گلے میں منکے ڈال کر کونوں کھدروں میں بیٹھ جائیں اور اللہ ہو اللہ ہو کرتے رہیں،مغرب کو سب سے زیادہ خطرہ سیاسی اسلام سے ہے ،جو ان کے مقابلے میں غیر سودی نظام معیشت دیتاہے اور شریعت کی بالادستی کی بات کرتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نبوی سیاست کی پیروی کرتے ہوئے عام پاکستانی کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے ظالمانہ استحصالی نظام کے چنگل سے نجات دلائیں گے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ اور بد دیانت حکمرانوں کی کرپشن اور بد اخلاقی نے معاشرے کو ناصرف عریانی و فحاشی کی غلاظت میں مبتلا کر دیاہے بلکہ عوام کو مہنگائی اور غربت کی دلدل میں پھنسا کر ہمیشہ کے لیے محرومیوں کے اندھے غاروں میں دھکیل دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کرنسی اور معیشت کی تباہی اور بربادی کے اصل ذمہ دار وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ قوم کو اصل حقائق سے بے خبر رکھا اور معیشت کی مضبوطی کے جھوٹے دعوے کرتے رہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امریکہ نے اپنے تباہ کن ہتھیاروں کے کارخانے چالو رکھنے کے لیے عالم اسلا م پر جنگ مسلط کر رکھی ہے،عراق و افغانستان میں تباہ کن اسلحہ استعمال اور لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ،امریکہ نھیں چاہتاکہ دنیا میں امن ہو ، اس لیے وہ بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن ہمیں مسلکوں اور فرقوں میں تقسیم کرکے اپنے ایجنٹوں کو ہم پر مسلط رکھنا چاہتاہے،ایم یم اے کی سیاست قومی یکجہتی اور وحدت کی سیاست ہوگی،ایم ایم اے کی تمام جماعتیں 2018 ءکے انتخابات ایک جھنڈے اور ایک نشان پر لڑیں گی اور ہم قوم کو دوبارہ محبت و اخوت کی لڑی میں پرودیں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button