ایڈیٹرکاانتخابپاکستان

مطالبات پورے نہ ہوئے تو میرا نعرہ گو نواز گو :بلاول بھٹو

لاہور (سپیشل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے اگر میرے چار مطالبات پورے نہ ہوئے تو میرا نعرہ گو نثار گو سے گو نواز گو میں تبدیل ہو جائے گا، تخت رائیونڈ والو سن رہے ہوکہ گو نثار گو کا نعرہ کہیں اور سے نہیں اب تخت لاہور سے اٹھ رہا ہے آپ سن لو آپ ناکام ہوچکے ہو، نیشنل ایکشن پلان جو کہ اب نیشنل ایکشن پلان نہیں رہا بلکہ ن لیگ ایکشن پلان میں بدل چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی سات روزہ تقریبات کے تیسرے روز پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم جانتے ہیں کہ شہید نہیں مرتے ذوالفقا رعلی بھٹو ، بے نظیر بھٹو ،نصرت بھٹو،شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو آج بھی زندہ ہیں، حکومت کو ڈر ہے کہ میں بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہوں ،ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہوں اور مرتضی ٰ بھٹو شہید کا بھانجا ہوں۔ انہوں نے کہا آپ سب جانتے ہیں کہ دہشت گرد کتنے خطرناک لوگ ہیں وہ ہمارے بچوں کے ساتھ کیا کررہے ہیں ایک طرف اے پی ایس کے بچوں نے جان کی قربانی دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دوسری طرف یہ غیرت مند اور بہادر تخت رائیونڈ والے اور وفاقی وزیر داخلہ چو دھر ی نثار دہشت گردوں کے ساتھ لڑنے اور ان کے خلاف بولنے کو تیا رنہیں ۔ انہوں نے کہا دنیا آپ کو پینے کے صاف پانی بہتر صحت اور اچھی خوراک کے لئے پیسہ دیتی ہے لیکن خدا کے لئے اس پیسے کو اورنج لائن ٹرین منصوبے پر ضائع نہ کرو۔ انہوں نے کہا اورنج لائن ٹرین منصوبہ ایک اچھا منصوبہ ہے اور میں بھی ایسامنصوبہ چاہتا ہوں لیکن پہلے پاکستان کی قوم کو پانی،صحت، روٹی ،کپڑا اور مکان تو دو۔ بلاول ہاؤس میں میلے کا سماں رہا، یوم تاسیس کی تقریبات کے موقع پر پیپلز پارٹی کے جیالوں کی جانب سے ڈھول کی تھاپ اور میوزیکل پروگراموں کے موقع پر ثقافتی رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے ورکرز کنونشن کے موقع پر سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کارکنوں کیساتھ مل کر لڈی بھی ڈالی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ بلاول ہاؤس لاہور میں سیلفیاں لینے کے لئے پیپلز پارٹی کے جیالے دھکم پیل کرتے رہے اور ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کرتے رہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button