پاکستان

مشعال قتل کیس کومردان سے منتقل کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی کے مقتول طالب علم مشعال خان کے والد محمد اقبال خان نے اپنے بیٹے کے کیس کو مردان سے منتقل کرنے کےلئے درخواست پشاور ہائی کورٹ میں جمع کرادی۔محمد اقبال خان کے وکیل عبدالطیف آفریدی نے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں امن و امان کی صورتحال اور علاقے میں ملزمان کے اثر و رسوخ کو بنیاد بناتے ہوئے کیس کو مردان سے منتقل کرنے کی استدعا کی۔
انہوں نے درخواست میں موقف اختیا کیا کہ مردان یونیورسٹی میں مشعال خان کے ہولناک قتل کے بعد اسی علاقے میں یہ کیس چلانا علاقے کی امن و امان کی صورتحال کو خراب کر سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے دوستوں کی بڑی تعداد اور چند مذہبی جماعتیں گرفتار طالب علموں اور دیگر ملزمان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ تقریباً 57 ملزمان کو مشعال خان کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کچھ ملزمان مفرور ہیں لہٰذا کیس میں ملزمان کی اتنی بڑی تعداد اور دونوں جانب سے گواہان اور حامیوں کی وجہ سے محاذ آرائی ہوسکتی ہے اور علاقہ امن و امان کی صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے۔درخواست میں مشعال خان کے والد کے حوالے سے بتایا گیا کہ درخواست گزار ایک متوسط طبقے کے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے اور چونکہ ملزمان با اثر افراد ہیں لہٰذا انہیں ملزمان کے گھر والوں اور حامیوں کی جانب سے خدشات سامنا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ اس کیس کی تحقیقات مکمل ہیں اور انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کے جج کے سامنے ٹرائل کےلئے پیش ہونا ہے جبکہ کیس میں درجنوں افراد کی ضمانتیں بھی عدالت میں جمع کرائی جاچکی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ محمد اقبال خان اس کیس کو مردان میں جاری رکھنے کی حالت میں نہیں ہیں، لہٰذا ہائی کورٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اسے ہری پور کی اے ٹی سی یا پھر کسی دوسری محفوظ جگہ منتقل کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button