مشرف ،زرداری حکومتوں کا بھی احتساب کیاجائے :سراج الحق

جھنگ (نامہ نگار نیوز وی او سی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نوازشریف سازش کا شوربھی مچاتے ہیں اوربتاتے بھی نہیں کہ ان کے خلاف کون سازش کر رہاہے ۔ نوازشریف توبہ کر کے قوم سے معافی مانگیں ، وہ نااہلی کے بعد فیصل مسجد جاکر شکرانے کے نفل پڑھتے کہ جیل جانے کے بجائے گھر جارہے ہیں ۔ پرویزمشرف اور زرداری حکومتوں کا بھی فوری احتساب ہو نا چاہیے ۔ پرویز مشرف کے سارے وزرا مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہیں ۔ صرف مشرف بچا ہے اسے بھی بلا کر حکومت میں شامل کر لیں ۔جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ آرٹیکل 62-63 کو ختم کرنے کے لیے لٹیروں کا ٹولہ متحد ہو رہاہے لیکن کوئی مائی کا لعل اسے ختم نہیں کر سکتا ۔ سرکاری عہدوں پر فائز لوگوں کو دیانتدار ہوناچاہیے ۔ بدعنوان اقتدار کے ایوانوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں ہونے چاہئیں ۔ میرے پاس ان لوگوں کی فہرست ہے جن کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں۔ دو فیصد اشرافیہ نے 98 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھاہے ، جاگیردار ، وڈیرے ، سرمایہ دار ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ، کہتے ہیں نظام کو خطرہ ہے ، اسے سب مل کر بچائیں گے ۔ میں پوچھتاہوں کمیشن ،کرپشن اور رشوت کے نظام کو بچانے کے لیے تو سب ایک ہو رہے ہیں ، عوام کو بھی ان کے خلاف متحد ہو جاناچاہیے ۔ ملک کے 375 ارب ڈالر بیرون ملک بینکوں میں پڑے ہیں ، یہ واپس آجائیں تو عوام کو تعلیم ، صحت سمیت زندگی کی تمام سہولتیں مفت میسر آ سکتی ہیں ۔ نوازشریف کہتے ہیں مجھے سی پیک بنانے کی سزا دی گئی ہے حالانکہ سی پیک کے خلاف تو بھارتی وزیراعظم مودی ہیں اور مودی کے ساتھ آپ کی دوستی ہے ۔ سٹیٹس کو کے ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لیے آخری دم تک لڑوں گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں