مشائخ کے آستانوں سے ہمیشہ امن ومحبت کا درس ملتا ہے-
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا )
گوجرانوالہ27 اپریل
مشائخ کے آستانوں سے ہمیشہ امن ومحبت کا درس ملتا ہے‘ یہی وجہ ہے کہ یہاں مسلمانوں کے ساتھ ہندو‘ سکھ‘ عیسائی ودیگر بھی حاضری دیتے اور سکون قلب حاصل کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر و چیئرمین لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم مشائخ عظام کے ہزاروں جید علماء ومشائخ اور ان سے لاکھوں وابستگان انبیاء کرام ‘ ازواج مطہرات‘ آل رسول اور فقراء کا ادب کرنے والوں کو ووٹ دیں گے ایسی قوم ترقی کیسے کرسکتی ہے جو اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے بھی لٹیرے سیاستدانوں کو اپنا لیڈر بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان نے روشن پاکستان کیلئے عوام میں بیداری شعور تحریک کا آغاز کردیاہے اس وقت ہمارا امن کا پیغام دنیا کے 65 سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے عالمی دنیا بھی اس بات کو سمجھ چکی ہے کہ اگر دنیا میں امن قائم کرناہے تو صوفیاء کرام کی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا یہی وہ جماعت ہے جس سے دنیا کا امن وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب اتحاد جیسے پلیٹ فارم سے مذاہب عالم کے درمیان نفرتوں کو ختم کرنے کیلئے بارگاہ خداوندی میں اسی منظور ومقبول جماعت کو ساتھ لے کرچلنا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے انبیاء کرام کے وارثین کے ساتھ متحد ہونا پڑے گا اور سود خوروں چوروں ڈاکوؤں سے ملک کو چھٹکارا دلانا ہوگا۔