پاکستان

مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس نواز شریف کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہو گا

اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج( جمعہ کی صبح) ساڑھے گیارہ بجے اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ،نواز شریف صدارت کریں گے ،ملکی سیاسی صورتحال ،شریف خاندان اور ن لیگ کے حوالے سے نیب کیسز کے بارے اہم فیصلے متوقع ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے اس اہم اجلاس میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے علاوہ بھارت بھیجی جانے والی بھاری رقم کے الزام پر نیب کی جانب سے تحقیقات کے اعلان کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس میں شریف فیملی کے خلاف نیب عدالتوں میں چلنے والے مقدمات اور نئے متوقع ریفرنسز کے علاوہ پارٹی چھوڑ کر جانے والے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لیے باقاعدہ انتخابی مہم شروع کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں،مسلم لیگ ن کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی جلسوں سے میاں محمد نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز خطاب کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کی تشکیل اب تک نہیں ہوسکی، ٹکٹوں کے خواہش مند امیدوار پارٹی دفاتر کے چکر لگانے لگے ہیں، بورڈ کی تشکیل میں تاخیر سے امیدواروں کو مشکلات کا سامنا ہے، اس وجہ سے امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم میں تاخیر ہوسکتی ہے، توقع ہے کہ اجلاس میں اس حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔دوسری طرف ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن سینیٹر آصف کرمانی کے مطابق اجلاس کی صدارت مسلم لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کریں گےاور اس اہم اجلاس کے بعد میاں نواز شریف شام 6 بجے ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میں مریم نواز کی شرکت بھی متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button