مسلم لیگ (ن) نے ہمیں ہمیشہ دھوکا دیا اور ہمارے دور حکومت میں ہمارا ساتھ نہیں دیا۔
کاغان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا اسے عوام سمیت شریف خاندان کو بھی قبول کرنا چاہئے لیکن فیصلے کو جمہوری نظام سے جوڑ کر سیاست چمکائی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ جمہوری نظام کو خطرہ ہے، نظام کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ یہ تخت رائیونڈ کی آپس کی لڑائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی میثاق جمہوریت کے بنیادی اصولوں پر کاربند اور قائم ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے ہمیں ہمیشہ دھوکا دیا اور ہماری گزشتہ حکومت میں میثاق جمہوریت میں ساتھ نہیں دیا۔
چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج کل بڑے سیاستدان غریبوں کی بات کرتے ہیں لیکن عوام جانتے ہیں کہ غریبوں کے لئےجان صرف بھٹو خاندان نے دی، ہم نے ملک کو ایٹم بم کا تحفہ دیا اور غریب خاندانوں کے لئے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام چلایا اگر عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو ہم کامیاب ہوکر عوام کی خدمت میں دن رات ایک کردیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سندھ میں سیاست کرنے پر ویلکم کہتے ہیں انہیں صوبے میں ضرور آنا چاہئے لیکن مجھے یقین ہے کہ سندھ کے عوام عمران خان کو قبول نہیں کریں گے کیوں کہ ان کے قول و فعل میں تضاد ہے سندھ میں ایک ہی وزیراعلیٰ کو کرپشن کے الزام میں نکالا گیا جو اب عمران خان کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور انتخابات وقت پر ہوں ، 2013 میں ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی اور ایک سیاسی جج نے آصف زرداری پر پابندی لگادی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، ہم بہت جلد خیبرپختون خوا میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھیں گے اور پھر عمران خان کا رونا دھونا شروع ہوجائے گا۔