مسلم لیگ (ن) سیاسی تصادم کی جانب بڑھ رہی ہے، مولابخش چانڈیو
مسلم لیگ (ن) سیاسی تصادم کی جانب بڑھ رہی ہے، مولابخش چانڈیو
کل آصف زرداری اہم اعلان کریں گے اور ہوا کی مخالف سمت اڑان بھرنے کا فیصلہ کیا جائےگا، مولابخش چانڈیو
حیدر آباد: مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے ہے مسلم لیگ (ن) سیاسی تصادم کی جانب بڑھ رہی ہے ہم کل ہوا کی مخالف سمت اڑان بھرنے کا اعلان کریں گے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں اکثریت عقل کے اندھوں کی ہے، ہم مفاہمت اور محبت والی فضا کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے لیکن(ن) لیگ سیاسی تصادم کی جانب گامزن ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حکمران نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی بات کرتے ہیں جب کہ جنرل(ر) راحیل شریف کے دور میں یہ جراٗت کسی میں نہیں تھی یہ کون ہوتے ہیں جو جائزہ لینے کی باتیں کرتے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان عوام نے منظور کیا تھا لیکن (ن) لیگ نے طاقت کے بل پر پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد نہیں ہونے دیا۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو کوئی آمر نہیں روک سکتا بے نظیر اور نوازشریف کے راستے بھی روکے گئے لیکن ان کی جدوجہد کا راستہ نہیں روکا جاسکا۔ ہمارے رہنماؤں کے خلاف کیسز بنے لیکن ہم خاموش رہے، ہمارے قائد کو پھانسی دی گئی لیکن تاریخ گواہ ہے کہ اذیت ناک اموات فتح کی علامت بن جاتی ہیں
مشیراطلاعات سندھ نے کہا کہ آج بھی ہمیں کسی کا خوف نہیں جب کہ ہم نے کل ہوا کی مخالف سمت اڑان بھرنے کا فیصلہ کرنا ہے اور اس اڑان میں ہم تنہا نہیں ہوں گے بلکہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔