مسلم لیگ ن ایک حقیقت ، نواز شریف کے مقابلے کا کوئی لیڈر نہیں
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک حقیقت ، نواز شریف کے مقابلے کا کوئی لیڈر نہیں ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کا ماڈل نظر نہیں آ رہا، آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے، حکومت عدلیہ اور فوج کی دانشمندی کا امتحان ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پاکستان میں ایک حقیقت ہے،ن لیگ ایک جمہوری پارٹی ہے ، یہاں پر لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی ہے، ریاض پیر زادہ نے اپنی رائے کا اظہار کیا، پیر زادہ کی ذاتی رائے کو میں زیادہ اہمیت نہیں دیتا، نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر اور پاکستانی عوام کے لیڈر ہیں، نواز شریف کا مقابلہ کوئی لیڈر نہیں کر سکتا، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ چار سالوں میں ہر محاذ میں ترقی کی، پاکستان میں امن قائم کیا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، معیشت کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا اور اب پاکستان استحکام کے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سمجھتے ہیں، چاروں طرف سے نواز شریف پر حملہ کیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں مختلف اقسام کی افواہوں کا بازار گرم ہے، کوئی مارشل لاء کی باتیں کرتا ہے، کوئی حکومت کی چھٹی کی تو کوئی ٹیکنوکریٹ حکومت بننے کی، لیکن مجھے تو پاکستان میں ٹیکنوکریٹ حکومت کا ماڈل کہیں نظر نہیں آ رہا۔انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں نواز شریف کی سیاست کو لپیٹنے کی کوشش کی گئی مگر مشرف کی کوشش ناکام رہی، پاکستانی عوام جانتی ہے جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں کون شریک ہے؟ سازشیں کرنے والوں کو پاکستان کی20کروڑ عوام ناکام بنا دے گی۔ احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان مجھے مسلم لیگ ن کا ارسطو کہتے ہیں جومیں خود کو نہیں سمجھتا،مگر پاکستان کی20کروڑ عوام ارسطو ہے، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گی۔ شیخ رشید کے جنوبی پنجاب سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی توہین کی ہے، مسلم لیگ ن میں کیا گروپ بننے اور لوگوں نے کہاں جانا ہے ؟یہاں تو شیخ رشید خود ننگے پاؤں ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تحفظات ہونے کے باوجود عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کیا، اس وقت جو عدالتی فیصلوں کی نظیر مل رہی ہے اس پر پوری دنیا بول رہی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت دانش مندی کا امتحان حکومت، عدلیہ اور فوج کا ہے۔ دانشمندی کا مظاہرہ جاری رہا تو ملک تیزی سے ترقی کی طرف گامزن رہے گا۔