مسلم امہ روہنگیا مسلمانو ں کی مدد کیلئے آگے آئے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے مسلم امہ مشکل کی اس گھڑی میں روہنگیا کے مسلمانوں کی مدد کیلئے آگے آئے اور فعال کردار ادا کرے ، روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیرکو جھنجھوڑنے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ، پاکستان نے ہمیشہ محکوم مسلمانوں کی حمایت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز بلند کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کوالالمپور میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کی کونسل کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا ہم توقع رکھتے ہیں کہ میانمار کی منتخب جمہوری حکومت اس مسئلہ کو ہمدردانہ طور پر حل کریگی ،قتل عام روک کر ذمہ داروں کوکٹہرے میں لایاجائے ۔
مشیر خارجہ نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ وہ حالیہ تشدد کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں تک میڈیا کی رسائی اور امدادتقسیم کرنے کی اجازت دے ۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر محمدیوسف سے ملاقات کی اورانہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔سرتاج عزیز نے ڈاکٹر یوسف کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی مظالم کے ردعمل میں کشمیریوں کے ڈٹے رہنے کے عزم سے آگاہ کیا۔ اس پر سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا او آئی سی کا آزاد انسانی حقوق کمیشن مارچ میں مقبوضہ جموں و کشمیر جائے گا، بھارت سے وفد کو دورے کی اجازت دینے کا کہا ہے ۔
دوسری طرف اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں مسلم ممالک اور باقی بین الاقوامی برادری کی فوری مداخلت اور میانمار حکومت پر مصالحتی عمل کیلئے دباؤ بڑھانے اوراس تناظر میں او آئی سی کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ میانمار کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔