مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہیے ، امریکہ مسلمانوں پر سفری پابندیوں پر نظر ثانی کرے: قطری سفیر

اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) پاکستان میں تعینات قطری سفیر سقر بن مبارک المنصوری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل ہونا چاہیے ، ہمیں امید ہے کہ امریکہ مسلمان ملکوں کے شہریوں پر عائد سفری پابندیوں پر نظر ثانی کرے گا۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہیں ، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں قطری سفیر کا کہنا تھا کہ قطر اس نظریے سے متفق نہیں ہے کہ اسلامی ممالک دہشتگردی پھیلانے میں کردار ادا کر رہے ہیں، اس حوالے سے ہمارے وزیر خارجہ پہلے ہی اپنا بیان جاری کر چکے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ امریکہ اس فیصلے پر نظر ثانی کرے گا کیونکہ اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سقر بن مبارک المنصوری کا کہنا تھا کہ قطر 1972 سے او آئی سی کارکن ہے اور اسلامی ممالک کے سامنے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھرپور مالی مدد فراہم کرتا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر قطر او آئی سی کی قراردادوں کو مکمل سپورٹ کرتا ہے، اقوام متحدہ کی قرار دادیں بھی کشمیری عوام کی ترجمانی کرتی ہیں اور یہ مسئلہ انہی قرار دادوں کے تناظر میں حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ہو جس کیلئے ہم ہر طرح کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے کام کرنے پر ہم پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ہی فلسطین کے مسئلے پر واضح موقف رکھتا ہے اور گزشتہ 60 سال سے فلسطین کو سپورٹ کر رہا ہے ۔ پاکستان اور فلسطین کے تعلقات بڑھ رہے ہیں جو اچھی بات ہے۔ فلسطینی صدر نے دورہ پاکستان کے دوران عرب ممالک کے تمام سفیروں سے ملاقات کی تھی جس دوران انہوں نے ہمیں اپنے مسائل اورمسئلہ فلسطین پر پاکستان کے کردار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ ہمارے خطے میں سیکیورٹی کا بہت مسئلہ ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ یہاں امن آئے گا اور مسائل کا حل نکال لیا جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں