مریم نواز کو سلیوٹ کیوں کیا؟ خاتون پولیس افسر ارسلہ سلیم کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
مریم نواز کو سلیوٹ کرنے والی خاتون پولیس افسر ارسلہ سلیم کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما کیس جے آئی ٹی میں پیشی کیلئے مریم نواز کیساتھ پیش ہونے والی خاتون پولیس افسر ارسلہ سلیم بڑی مشکل میں پھنس گئی ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس پہنچنے پر ارسلہ سلیم نے مریم نواز کو خصوصی سلیوٹ کیا تھا۔
اس حوالے سے ارسلہ سلیم کو سوشل میڈیا پر خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عوام کی جانب سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ مریم نواز کو کس حیثیت میں سلیوٹ کیا گیا ہے؟ جبکہ اس حوالے سے اب ارسلہ سلیم کو قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ ارسلہ سلیم کو تحریک انصاف کی نوجوان خاتون رہنما اور وکیل آمنہ علی کی جانب سے نوٹس بھجوایا گیا ہے۔ آمنہ علی نے ارسلہ سلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ وہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے تنخواہ حاصل کرتی ہیں لہذا وہ فوری اپنے اقدام پر معافی مانگیں۔ اگر وہ 15 روز کے اندر قانونی کاروائی نہیں کرتیں تو پھر ان کیخلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔