مریم نواز کو این اے 120 ضمنی الیکشن کی مہم چلانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی
لاہور23 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
کلثوم نواز کو کینسر کے مرض کی تشخیص، جلد پاکستان واپس نہ آنے کا امکان، مریم نواز کو این اے 120 ضمنی الیکشن کی مہم چلانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی
مریم نواز کو این اے 120 ضمنی الیکشن کی مہم چلانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ کلثوم نواز کا علاج سینٹرل لندن کے ایک نجی ہسپتال میں کیا جائے گا۔ کلثوم نواز کو پہلے درجے کے گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
اسی باعث ان کے جلد پاکستان واپس نہ آنے کا امکان ہے۔ اس تمام صورتحال میں اب ان کی صاحبزادی مریم نواز کو کئی اہم ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کلثوم نواز کی غیر موجودگی میں این اے 120 لاہور کے ضمنی الیکشن کی مہم چلانے کی ذمہ داری مریم نواز کو سونپ دی گئی۔ مریم نواز کو اس سلسلے میں پرویز ملک اور خواجہ سعد رفیق معاونت فراہم کریں گے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے باعث ان کی نشست این اے 120 لاہور خالی ہوگئی تھی جس پر سپریم کورٹ نے ضمنی الیکشن کروانے کا حکم دیا تھا۔ این اے 120 میں ضمنی الیکشن 17 ستمبر کو ہوگا جس میں ن لیگ کی جانب سے کلثوام نواز جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد مدمقابل ہوں گی۔