مرد میدان معین علی کے پانچ شکاروں کی بدولت انگلش ٹیم فتحیاب

مانچسٹر(اسپورٹس ڈیسک)مرد میدان معین علی کے پانچ شکاروں کی بدولت انگلش ٹیم نے سیریز کا چوتھا ٹیسٹ بھی 177 رنز سے جیت کر سیریز پر بھی تین،ایک سے قبضہ کرلیا،جیمز اینڈرسن نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔ اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے اپنی دوسری اننگز آٹھ وکٹوں پر 224 رنز کے ساتھ ایک بار پھر شروع کی تو اسٹوارٹ براڈ پانچ اور جیمز اینڈرسن دو رنز پر میدان چھوڑ گئے اور انگلش ٹیم 243 رنز پر محدود ہو گئی۔ معین علی نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ پروٹیز کی جانب سے مورنے مورکل نے چار،ڈوانے اولیویئر نے تین جبکہ کگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 380 رنز کا ہدف ملا تو بارش کے ایک اسپیل کے بعد کھیل شروع ہونے پر لنچ تک محض 40 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں۔ ہاشم آملا اور فاف ڈوپلیسز نے چوتھی وکٹ کی رفاقت میں 123 رنز کا اضافہ کر کے ابتدائی نقصانات کی تلافی کر دی لیکن ہاشم آملا کو تیرہ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 83 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے معین علی نے یہ شراکت توڑ ڈالی جس کے بعد کوئی کھلاڑی ان کی خطرناک بالنگ کا سامنا نہیں کر سکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر سمٹ کر سیریز میں تیسری ناکامی سے دوچار ہو گئی۔ فاف ڈو پلیسز نے 61 اور کیشو مہاراج نے ناقابل شکست 23 رنز تو بنائے مگر وہ کسی کام نہیں آ سکے ۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے تین جبکہ مرد میدان اور مورنے مورکل کے ساتھ مشترکہ مین آف دی سیریز معین علی نے پانچ کھلاڑی ٹھکانے لگائے۔