مذہب کے نام پر ریزرویشن سے بھارت میں ایک اور پاکستان بننے کا خطرہ بڑھ جا ئے گا:ہندوستانی وزیر اطلاعات ایم ونیکا نائیڈو کی دہائی
حیدر آباد(نیوز وی او سی آن لائن)بھارتی وزیر اطلاعات و نشریات ایم ونیکا نائیڈو نے کہا ہے کہ ہمیں خوشامد کی سیاست ختم کرنی ہو گی، مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کے نتیجہ میں صرف تبدیلی مذہب ہوگا،اگر پسماندگی اور غربت کی بجائے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دی گئی تو بھارت میں ایک اور ’’ پاکستان ‘‘ بننے کا خطرہ بڑھ جائے گا ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈا کے 1سو26ویں یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیر اطلاعات و نشریات ایم ونیکا نائیڈو کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکرمذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کے مخالف تھے، مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کے نتیجہ میں صرف تبدیلی مذہب ہوگا، تبدیلی مذہب کے سبب سماجی کشیدگی اور مذہبی عدم ہم آہنگی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی فطری خصوصیات اور اقدار کے سبب سیکولر ملک ہے اور یہ سیکولر ملک ہی برقرار رہے گا،ہمیں خوشامد کی سیاست ختم کرنی چاہئے،مذہب کے نام پر تقسیم خطرناک ہے ، اس سے ایک اور پاکستان بننے کا خطرہ بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ حکومت کی جانب سے اعلان کرنے کے بعد سے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کی مخالف ہے، کانگریس اور بائیں بازو نے بڑا گناہ کیا جو سماج کو تقسیم کرتے ہوئے ووٹ بینک کی سیاست میں ملوث رہے،ہم اسے درست کریں گے۔