محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو دی جانے والی طبی سہولیات کسی پرائیویٹ ہسپتال سے کم نہیں
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا)
گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈا نڈسٹری کے صدر سعید احمد تاج نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ ہسپتال میں محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو دی جانے والی طبی سہولیات کسی پرائیویٹ ہسپتال سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہسپتال کی تمام انتظامیہ اور ڈاکٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں وہ وکررز کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں دن رات مصروف عمل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل سکیورٹی ہسپتال کی ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں کیا۔جبکہ یہ اجلاس سید اعجاز حسین کاظمی کی سربراہی میں منعقدہ کیا گیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل سکیورٹی ملک اسلم کھوکھر،سابق صدر چیمبر خواجہ ضرارکلیم،ڈپٹی ڈائریکٹر عبداحمید بھٹی ،ڈاکٹر طیب سرور DMS،نمائندہ لیبر راجہ غلام مصطفی خان ،حاجی محمد سعید مدنی کے علاوہ سینئرز ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔
ایم ایس سید اعجاز حسین کاظمی نے بتایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے لیکن اس کے باوجودہم ورکرز کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں 24گھنٹے مصروف عمل ہیں ۔ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم کسی مریض کو بھی دوسرے ہسپتال ریفر نہ کریں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس 150بیڈز کی گنجائش موجودہ ہے لیکن جدید مشینری اور ڈاکٹرز کی کمی کی وجہ سے ہمیں کچھ مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ چیمبر اور سوشل سکیورٹی ادارے کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے لہٰذا چیمبرآف کامرس بھی حکومت سے ہسپتال کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔صدر چیمبر سعید احمد تاج نے یقین دلایا کہ سوشل سکیورٹی ہمارے ورکرز کا ہسپتال ہے اس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہم حکومت کا ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور جہاں تک ممکن ہوا ہم ہسپتال کی بہتری کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت بھی خدمات سرانجام دیں گے ۔