ایڈیٹرکاانتخاب

محرم تک نواز شریف کا احتساب نہ ہوا تو اسلام آباد بند کردیں گے، ہماری قوم بزدل نہیں جنگ ہوئی تو ہر بچہ مرنے کیلئے تیار ہوگا، متعصب مودی کو کشمیریوں کو آزاد کرنا پڑے گا: عمران خان

رائیونڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو مسٹر ڈاکو کا خطاب دیتے ہوئے آئندہ نواز شریف کے خلاف جلسے نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر محرم تک وزیر اعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہ کیا تو ہم اسلام آباد بند کریں گے۔ نریندر مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے یہ قوم نواز شریف کی طرح بزدل نہیں ہے جب جنگ ہوئی تو ہما را بچہ بچہ مرنے کیلئے تیار ہوگا ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔ نریندر مودی لیڈر نہیں بلکہ ایک تعصب پسند انسان ہے جو کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن مودی کو یہ جان لینا چاہیے کہ اسے کشمیریوں کو آزاد کرنا ہی پڑے گا۔
رائیونڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی لیکن کوئی کسی روٹ سے آتا ہے اور کوئی کسی روٹ سے، سب کہتے ہیں کہ نواز شریف کے گھر مت جانا اس لیے میں نے ٹھیک ہی کہا تھا کہ میں کون سا رشتہ لینے جا رہا ہوں ۔ ہم آج کے بعد نواز شریف کے خلاف جلسے نہیں کریں گے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے احتجاج کی وجہ سے فوج کو مشکلات پیش آئیں اگر سرحد پر مسئلہ نہ ہوتا تو ہم آج ہی دھرنا دیتے ۔ محرم کے بعد اگر نواز شریف نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہ کیا تو ہم انہیں حکومت نہیں کرنے دیں گے۔ محرم کے بعد اگر احتساب نہ ہوا تو ہم جب اسلام آباد جائیں گے تو اسے بند کرنے جائیں گے جو بھی ہوگا میں اس مسٹر ڈاکو کے نیچے ملک کو تباہ نہیں ہونے دوں گا۔
انہوں نے انڈیا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم مرنے سے نہیں ڈرتے اور اگر آپ نے جنگ کی کوشش کی تو یہاں کا ہر بچہ مرنے کیلئے تیار ہوجائے گا اور اس کا تمہیں ہی نقصان ہوگا۔ تمہارا شائننگ انڈیا کا خواب چکنا چور ہوجائے گا ، یہ بات سمجھ لو کہ نواز شریف ڈر جائے گا لیکن پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے۔ نریندر مودی سن لو ہر پاکستانی نواز شریف کی طرح بزدل نہیں ہے۔ نواز شریف کو دیکھ کر غلط فہمی میں مت رہنا کیونکہ یہ ساری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ میں ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوا تھا اور میں غلام ملک کے اندر زندہ نہیں رہنا چاہتا میں آزاد انسان ہوں اور کسی صورت اپنے ملک کو غلام نہیں دیکھوں گا اللہ نے کبھی موقع دیا تو کبھی اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا۔نریندر مودی آپ پاکستان کو تنہا کردو، میں دعویٰ کرتا ہوں کہ میں اسی پاکستان سے اتنا پیسہ اکٹھا کروں گا کہ ہمیں کبھی بھی قرضوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے جلسے کے دوران ایک ویڈیو چلائی جس میں پاناما لیکس کے حوالے سے آگاہی دی گئی جبکہ شریف خاندان کے مختلف افراد کی جانب سے لندن میں موجود پراپرٹی کے حوالے سے دیے جانے والے بیانات بھی سنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس چیز میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ لندن کے فلیٹ نواز شریف نے کرپشن کرکے اور منی لانڈرنگ کرکے خریدے۔ اسمبلی میں خواجہ آصف کہتا ہے کہ میاں صاحب آپ فکر نہ کریں کہ آپ نے کرپشن کی ہے کیونکہ یہ لوگ تھوڑی ہی دیر میں یہ سب بھول جائیں گے۔ خواجہ آصف نہ یہ لوگ بھولنے لگے ہیں اور نہ عمران خان ان کو بھولنے دے گا۔خواجہ آصف جیسے بیوپاریوں کو شرم آنی چاہیے، ڈوب مرو خواجہ آصف
انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا نریندر مودی میں سمجھتا تھا کہ گجرات میں قتل عام کے بعد جب تم وزیر اعظم بنے توشاید بدل جاؤ لیکن تم نے پوری دنیا کے لوگوں کو مایوس کیا۔ تم نے اپنے رویے سے ثابت کیا کہ تم لیڈر نہیں بلکہ ایک تعصب پسند انسان ہو۔کشمیر کے لوگ تنگ آچکے ہیں 26 سال سے مسلسل ان کے حقوق کی پامالی ہو رہی ہے۔جنگوں سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوتے کبھی بھی فوج مسئلوں کا حل نہیں ہوتی اس لیے میں جنگوں کو نہیں مانتا۔برصغیر کیلئے ضروری ہے کہ امن ہو اور جب امن ہوگا تو تجارت بڑھے گی جس سے غربت کا خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے پاکستان کے انصاف کے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پاناما میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور پاناما لیکس الزامات نہیں بلکہ کرپشن کے ثبوت ہیں۔ میں پاکستان کے انصاف کے اداروں سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو نواز شریف کی چوری نظر نہیں آتی؟۔ نیب چیئرمین تم عوام کے پیسے سے کرسی پر بیٹھے ہو لیکن میں پوچھتا ہوں کہ تم مگر مچھوں کو کیوں نہیں پکڑتے۔ ایف بی آر کے کرپٹ چیئرمین 25 کروڑ روپے ہر ماہ جو تم دبئی بھجواتے ہو تمہیں کیوں نظر نہیں آتا اور نواز شریف کو نوٹس کیوں نہیں بھجوایا۔سپریم کورٹ سے بھی پوچھتا ہوں کہ پہلے تو آپ ایسی چیزوں پر سو موٹو ایکشن لیتے تھے لیکن یہ اتنا بڑا انکشاف ہوگیا تو آپ نے ایکشن کیوں نہیں لیا، سپریم کورٹ، بڑے ادب سے کہوں گا کہ آج تک صرف غریب اور مسکین آدمی پکڑے جاتے ہیں لیکن قوم انصاف چاہتی ہے۔نواز شریف سارے اداروں کے اوپر اپنے لوگ بٹھا کر اس ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ نواز شریف ہمارا وزیر اعظم ہے۔ اس شخص کو برطانیہ کا وزیر اعظم بنادیں ، میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ یہ پانچ سال میں اس کا دیوالیہ نکال دے گا
انہوں نے کہا مودی سے کہوں گا کہ اپنے رائٹ ونگ کو خوش کرنے کیلئے آپ نے پاکستان کو جو دھمکیاں دی ہیں، کان کھول کر سن لو ہم سب ایک ہیں۔آپ دوستی کریں گے تو ہم بھی دوستی کریں گے لیکن آپ کو کشمیریوں کو حقوق دینے ہی پڑیں گے ۔ پاکستان کے لوگوں کے دلوں کی دھڑکن کشمیریوں کے ساتھ دھڑک رہی ہے ہم انہیں اخلاقی اور سیاسی حمایت دیں گے۔ جو ظلم کشمیریوں پر ہو رہا ہے وہ کسی بھی انسان پر ظلم ہوتا خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے ہوتے تو عمران خان ان کے ساتھ بھی کھڑا ہوتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button