متحدہ مجلس عمل کے مقابلے میں 9 دینی جماعتوں کا دوسرا اتحاد بھی سامنے آگیا ،
اسلا م آباد(نیوز وی او سی آن لائن)متحدہ مجلس عمل کے مقابلے میں دینی جماعتوں کا دوسرا اتحاد بھی سامنے آگیا ہے ، 9دینی اور سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے اگلے عام انتخابات میں مشترکہ طور ایک ہی نام اور جھنڈے تلے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے ،مشترکہ نام ،جھنڈے اورمنشور کیلئے قائم کمیٹی اگلے 7روز میں حتمی فیصلہ دے گی ،دیگر سیاسی اور ہم خیال مذہبی جماعتوں سے رابطوں کیلئے بھی کمیٹی قائم کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا سمیع الحق کی دعوت پر سیاسی اور ذیلی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (س) کے مولانا عبدالرؤف فاروقی ، مولانا شاہ عبدالعزیز، مولانا سید محمد یوسف شاہ، اہل سنت و الجماعت کے مولانا محمداحمد لدھیانوی، متحدہ جمعیت اہل حدیث کے مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری ،ملی مسلم لیگ کے محمد حارث ڈار، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مولاناخلیل احمد مخلص، مولانا محمد زبیر البازی، تحریک نوجوانان پاکستان کے عبداللہ گل،انصار الامہ پاکستان کے مولانا فضل الرحمن خلیل، پاکستان راہ حق پارٹی کے حکیم محمد ابراہیم قاسمی، مشائخ پاکستان کی طرف سے صاحبزادہ فیاض الحسن حق باہواور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور حکومتوں کی پالیسی کے نتیجہ میں ملک کو پہنچنے والے نقصان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قوم کو استحصالی سیاسی قوتوں سے نجات دلانے اور ملک کو سیاسی، اقتصادی اور معاشرتی بحرانوں سے نکالنے اور داخلی و خارجی سازشوں سے محفوظ بنانے کیلئے مشترکہ سیاسی جدوجہد کی جائے۔مشاورتی اجلاس میں تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیاجو سات روز میں سیاسی جدوجہد کیلئے اہداف، نام، جھنڈا اور دیگر امور کو حتمی شکل دے کرآئندہ اجلاس میں پیش کرینگے۔
کمیٹی میں مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانازبیر البازی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،مولانا سیف اللہ خالد، پیر محمد سعید احمد اور سعید الرشید عباسی شامل ہونگے۔اسی طرح ایک سیاسی کمیٹی بنائی گئی جو مختلف جماعتوں اور شخصیات کو اسی اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دے گی۔سیاسی کمیٹی میں مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، صاحبزادہ فیاض الحسن حق باہو، مولانا محمد زبیر البازی اور مولانا فضل الرحمن خلیل شامل ہونگے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ کے سیاسی اور مذہبی شخصیات اور مشائخ سے مولانا ڈاکٹر ابو الخیر زبیر رابطہ کرینگےاور انکے معاون مولانا حافظ احمد علی ہونگے۔اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے مشائخ کے ساتھ رابطے کی ذمہ داری مولانا سید محمد یوسف شاہ کو سونپی گئی۔صوبہ بلوچستان میں سیاسی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کو دیا گیا جبکہ راہ حق پارٹی کے ساتھ رابطہ مولانا محمد ابراہیم قاسمی کے ذمے دی گئی۔صوبہ پنجاب کے مشائخ کے ساتھ رابطہ صاحبزادہ مولانا فیاض الحسن حق باہوکرینگے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیلئے بھی سیاسی کمیٹی نے منصوبہ بندی کرلی ہے ۔اجلاس میں یہ طے کیا کہ 8 مئی کو دوسرا سربراہی اجلاس مولانا سمیع الحق کی دعوت پر اسلام آباد میں منعقد ہو گا،جس میں اتحاد کے تمام اْمور کو حتمی شکل دی جائے گی ۔