متحدہ عرب امارات کا اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے فلسطینیوں کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج

متحدہ عرب امارات کا اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے فلسطینیوں کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج

29 مئی 2025
رپورٹ: بشیر باجوہ / VOC اردو
ابوظبی، خلیج عرب

متحدہ عرب امارات نے مشرقی یروشلم میں جاری اسرائیلی جارحیت اور مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے خلاف تشدد آمیز کارروائیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ابوظبی میں تعینات اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز اور شدت پسند یہودی عناصر کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور اسلامی محلے میں فلسطینی عوام کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں ناقابل برداشت اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔ ان اقدامات کو مسلمانوں کے خلاف کھلی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے امارات نے اسرائیلی حکومت سے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نفرت انگیز بیانات، تشدد پر اکسانے والے اقدامات، اور عبادت گزاروں پر حملے ایک منظم شدت پسند مہم کی نمائندگی کرتے ہیں، جو نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ بین الاقوامی امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ ایسے وقت میں جب غزہ انسانی بحران کی لپیٹ میں ہے، اسرائیل کی جانب سے یہ اقدام خطے میں مزید اشتعال، بے چینی اور نسلی منافرت کا سبب بن سکتے ہیں۔

امارات نے اسرائیلی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ان خلاف ورزیوں پر مؤثر اور غیر مشروط کارروائی نہ کی گئی تو یہ خاموش تائید تصور کی جائے گی، جو مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کو بڑھاوا دے گی۔

وزارتِ خارجہ نے القدس کے مقدسات، بالخصوص مسجد اقصیٰ اور مسجد قبۃ الصخرہ کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مقامات کی دیکھ بھال اور انتظامی نگرانی میں اردن کے تاریخی اور قانونی کردار کا احترام بین الاقوامی قوانین کے تحت لازم ہے۔ کسی بھی بیرونی مداخلت کو قطعی طور پر ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔

امارات نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور مذہبی حیثیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔

وی او سی اردو
Disclaimer:
This news is based on initial reports and is intended solely for public awareness. VOC Urdu is not responsible for the verification or denial of any legal claims or allegations.
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں