متحدہ اسپین کے حق میں لاکھوں افراد کا مظاہرہ
بارسلونا، میڈرڈ (نیوز وی او سی) اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ اور علیحدگی پسند علاقے کاتالونیا کے شہر باسلونا میں لاکھوں افراد نے بحران کے حل کیلئے مذاکرات شروع کرنے اور متحدہ اسپین کے حق میں مظاہرے کئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریلی کے شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ‘‘کیا بات چیت ممکن ہے ’’ کے الفاظ درج تھے ۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ کاتالونیا اور اسپین کا ایک ساتھ رہنا ممکن ہے ، سیاستدانوں کو مذاکراتی عمل سے یہ ثابت کرنا ہو گا۔ میڈرڈ میں مظاہرے کرنے والی کمیٹی کے ایک رکن پابلو فرنانڈیس کا کہنا ہے کہ سیاستدان اس بحران کو حل کرنے کے بجائے بند راستے کی جانب گامزن ہیں۔ پولیس کے مطابق بارسلونا میں اسپین کی اتحاد کے حق میں ہونیوالی ایک ریلی میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے ، تاہم منتظمین کے مطابق ریلی میں 9لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ادھر ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے کہا ہے کہ کاتالونیا کی طرف سے آزادی کا اعلان کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ آزادی سے متعلق ریفرنڈم اور دیگر عوامل کی وجہ سے مرکزی حکومت اس ہسپانوی علاقے کی نیم خود مختاری کو معطل بھی کر سکتی ہے ۔ ایک مقامی اخبار سے گفتگو میں راخوئے نے کہا کہ اس بحران کے خاتمے کی خاطر کوئی مصالحتی کوششیں نہیں کی جا رہیں۔ دوسری طرف اسپین بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے عوامی ریلیوں کے ذریعے ملکی وحدت اور سالمیت کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔