پاکستان

لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی، شہباز شریف نام بدل لیں، کائرہ

پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے ایک کے بعد ایک وارکرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی اب تو ان کا نام بدلنا ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے گڑھ لاہور میں پیپلز پارٹی نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف پنکھا احتجاجی کیمپ لگادیا، حکومت کے خلاف جیالوں نے زور دار نعرےلگائے۔
شیر کی کچھار میں پیپلز پارٹی نے وارکیے، تنقید کے تیروں کی بھرمار کردی ، نون لیگ کے گڑھ میں حکومت کے خلاف جیالوں نے پنکھا احتجاج کیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شہباز شریف آپ سے پاکستان کے لوگوں نے پوچھنا ہے آپ نے کیا کیا، آپ تو کہتے تھے کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو نام بدل دینا،آج ہم نے آپ کا نام رکھنا ہے، آپ کی لندن میں جائیدادیں بڑھتی جارہی ہیں، آپ نے کیا کیا ہے؟میاں صاحب ! آپ کی چوریاں عالمی ادارے نے پکڑلی ہیں،آپ کی بھارت میں بھی جائیدادیں نکل آنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے کا حساب مانگا تو این ایچ اے کے ریکارڈ کو آگ لگ گئی ، جنگلا بس کا حساب شروع ہوا تو انہوں نے ایل ڈی اے کی بلڈنگ کو آگ لگوادی ، جج صاحبان اپنا ریکارڈ سنبھال کر رکھیں، کہیں یہ اسے بھی آگ نہ لگوادیں۔
کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف ! اب بچنے کے راستے ختم ہوگئے، میاں صاحب !آپ کی رسی کھینچی گئی ہے، اب آپ کو کوئی نہیں بچا سکتا، ابھی تو ہم نے میٹنگ بلائی جلسہ بن گیا، جس دن جلسہ بلایا وہ آپ کا آخری دن بن جائے گا،حساب مانگنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ملک کے بچوں کو روزگا ر دینے سے ادارے نقصان میں جاتے ہیں تو ہم نقصان برداشت کرتے رہیں گے ، اسکولوں کے لیے استاد بھرتی نہیں کیے کہ کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں۔
انہوں نے اسٹیل مل اور پی آئی اے کی خراب حالت پر وزیراعظم نواز شریف کو مختلف القابات دے کر نشانہ بنایا، جو طنز کے تیر لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے برسنا شروع ہوئے پھر وہ پاناما کیس تک پہنچ گئے، لوہا گرم دیکھ کر حکومت مخالف نعروں کا بھی ہتوڑا ماردیا۔
جیالوں کا روایتی جذبہ نظر آیاتو کائرہ صاحب کو اور جوش آگیا، پیپلز پارٹی کی تارِیخ کو پھر دہرایا اور پھر گھوم پھر کر بات پہنچی وزیراعلیٰ کے نام بدلنے کی تحریک کی،چند نام گنوا کر حتمی اعلان کا جیالوں سے وقت مانگ لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button