لندن پولیس کا خفیہ اطلاعات پر گرینڈ آپریشن، 17 افراد گرفتار
لندن: پولیس نے خفیہ اطلاعات پر گرینڈ آپریشن کے دوران 20 گھروں میں چھاپے مار کر 15 مرد اور دو خواتین کو گرفتار کرکے منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
لندن پولیس نے دہشت گردی کی وارداتوں کے پیش نظر سیکیورٹی انتہائی سخت کررکھی ہے، مشرقی لندن میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے خفیہ اطلاعات پر 20 گھروں پر چھاپے مار کر متعدد مرد و خواتین کو گرفتار کرلیا۔مغربی میڈیا کے مطابق گرفتارشدگان میں 15 مرد اور دو خواتین شامل ہیں جن سے بڑی مقدار میں منشیات، اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
لندن پولیس چیف کا کہنا ہے کہ آج کے چھاپے خفیہ معلومات پر مارے گئے جس میں میٹرو پولیٹن پولیس کے 200 اہلکاروں و افسران نے حصہ لیا، عوام کے تحفظ اور علاقے کو جرائم سے صاف کرنے کے لیے ایسے آپریشن کرتے رہیں گے۔ پولیس چیف نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کے گھروں سے بڑی مقدار میں منشیات، ہینڈ گن اور کیش برآمد ہوا، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
لندن پولیس نے چھاپوں کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور فوری طور پر گرفتار ملزمان کے نام بھی میڈیا کو جاری نہیں کیے۔