لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ: خلع لینے والی خاتون بھی حق مہر کی حقدار قرار

👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada اردو
لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ: خلع لینے والی خاتون بھی حق مہر کی حقدار قرار
تاریخ: 20 اپریل 2025
رپورٹ: بشیر باجوہ | VOC اردو
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلے میں خلع لینے والی خاتون کو بھی حق مہر کی حقدار قرار دے دیا ہے۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری آصف محمود کی جانب سے دائر اس درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں خلع کی بنیاد پر حق مہر اور جہیز کی رقم دینے کی ڈگری کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ پاکستان کے سماجی ڈھانچے میں بیٹی کو جہیز دینا ایک رائج اور سرایت شدہ روایت ہے، اور والدین اپنی استطاعت کے مطابق یہ ذمہ داری نبھاتے ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ طلاق دینا بنیادی طور پر شوہر کا اختیار ہے، اور اگر شوہر طلاق دیتا ہے تو وہ حق مہر اور تحائف کی واپسی کا تقاضا کرنے کے حق سے محروم ہو جاتا ہے۔ عدالت نے قرآنِ مجید کی سورۃ النساء کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ شوہر کو دیے گئے مال کی واپسی کا مطالبہ کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
عدالت نے مزید وضاحت کی کہ اگر خلع شوہر کے تشدد یا برے رویے کی وجہ سے لی جائے تو بھی بیوی کو حق مہر کی واپسی کا پابند نہیں کیا جا سکتا، اور وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ اس کی تائید کرتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ صرف خلع کی بنیاد پر عورت کو حق مہر سے محروم نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ حق مہر عورت کے لیے سکیورٹی کا درجہ رکھتا ہے۔ اگر شوہر کا رویہ ایسا ہو کہ عورت خلع لینے پر مجبور ہو، تو وہ مہر کی مکمل حق دار ہے۔
یہ فیصلہ خواتین کے معاشی تحفظ اور ازدواجی حقوق کے حوالے سے ایک مضبوط قانونی نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔
وی او سی اردو
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k
Disclaimer:
This news is based on initial reports and is intended solely for public awareness. VOC Urdu is not responsible for the verification or denial of any legal claims or allegations.
وی او سی اردو