لاہور پریس کلب میں کرائم رپورٹرز کا ہنگامی اجلاس، پنجاب اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

نیشنل، نیوز ڈیسک
لاہور، پاکستان

لاہور پریس کلب میں کرائم رپورٹرز کا ہنگامی اجلاس، پنجاب اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

لاہور پریس کلب میں صدر ارشد انصاری کی زیر صدارت کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کے چھ سینئر کرائم رپورٹرز کے خلاف تھانہ ڈیفنس (سی بلاک) میں پیکا ایکٹ کے تحت دی گئی درخواستوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کے خلاف اس قسم کی کارروائی کے خلاف آج دوپہر 2 بجے لاہور پریس کلب میں تمام صحافی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اجلاس میں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر علی ساہی، جنرل سیکرٹری مجاہد شیخ، سینئر نائب صدر حماد اسلم، فنانس سیکرٹری عمر یعقوب، جوائنٹ سیکرٹری سرفراز خان، اراکین گورننگ باڈی علی چوہدری، فراز نظام، مرزا رمضان بیگ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے خطاب میں کہا کہ لاہور پولیس جتنے مرضی مقدمات درج کرے، آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹی درخواستوں اور مقدمات کے ذریعے صحافیوں کو نہ دبایا جا سکتا ہے اور نہ ڈرایا۔

اعلان کیا گیا کہ 15 ستمبر کو لاہور پریس کلب کے نثار عثمانی ہال میں ایک بڑے اجلاس کا انعقاد ہوگا، جس میں پریس کلب کی گورننگ باڈی، پنجاب یونین آف جرنلسٹس، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن، فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن، کیمرہ مین ایسوسی ایشن اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس (دستور) شرکت کریں گے۔

اجلاس میں شاہدرہ پولیس کی جانب سے تین صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور ان پر مبینہ تشدد کی بھی مذمت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ شاہدرہ کے متاثرہ صحافی بھی پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے احتجاج میں شریک ہوں گے۔

وی او سی اردو کا تبصرہ:
یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب میں صحافت دباؤ کا شکار ہے۔ کرائم رپورٹرز کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درخواستیں محض دباؤ ڈالنے کا ہتھکنڈہ نظر آتی ہیں۔ لاہور پریس کلب اور صحافی تنظیموں کا متفقہ بائیکاٹ حکومت اور اداروں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ آزادی صحافت پر کوئی قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔ آنے والے دنوں میں اس احتجاج کی شدت ملکی سیاست اور میڈیا پالیسی پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔

وی او سی اردو
🌐 www.newsvoc.com
📲 واٹس ایپ چینل: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k

ڈسکلیمر:
یہ خبر ابتدائی معلومات، مقامی ذرائع یا سرکاری بیانات پر مبنی ہے۔ تفتیشی یا ادارتی پیشرفت کی بنیاد پر معلومات میں تبدیلی ممکن ہے۔

VOC/006/150925

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں