لاہور میں تمام غیر قانونی شادی ہالز فوری بند کرنے کا حکم
سپریم کورٹ نے لاہور میں قائم تمام غیر قانونی شادی ہالز فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے ایل ڈی اے سے شادی ہالز اور ان کےپارکنگ ایریاز کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کےحکم پر ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل عدالت پیش ہو گئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ فیروز پور روڈ پر رہائشی علاقے میں حمید لطیف اسپتال کیسے بنایا گیا، اسپتال کا وزٹ کیا جائے کہ کہاں کہاں تجاوزات ہیں، دس دن کے اندر رپورٹ پیش کی جائے، اسپتالوں کی ڈسپوزل میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے، اس کو بھی چیک کرنا ضروری ہے ، گلبرگ میں بھی پلازہ بنایا جا رہا ہے اس کی پارکنگ کہاں ہے۔
عدالت نےشہر میں قائم تمام غیر قانونی شادی ہالز فوری بند کر نے کا حکم بھی دیا۔چیف جسٹس پاکستان نے قراردیا کہ کوئی عدالت تجاوزات کےبارے میں حکم امتناعی جاری نہیں کرے گی۔