قوم لیاقت علی خان کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرے، وزیراعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ قائداعظم کی رحلت کے بعد لیاقت علی خان نے نوزائیدہ مملکت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کیا جب کہ آج قوم قائداعظم، علامہ اقبال اور شہید ملت کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرے۔
شہید ملت لیاقت علی خان کی 66 ویں برسی پر وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ لیاقت علی خان نے تحریک پاکستان کے دوران گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور پہلے وزیراعظم کی حیثیت سے قوم کی خدمت کی، لیاقت علی خان قائداعظم محمد علی جناح کے مخلص اور قابل اعتماد ساتھی تھے جب کہ قائداعظم کی رحلت کے بعد لیاقت علی خان نے نوزائیدہ مملکت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج قوم قائداعظم، علامہ اقبال اور شہید ملت کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرے، پاکستان کو ترقی پسند، خوشحال، روادار اور محفوظ ملک بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔