پاکستان

قمر زمان چوہدری نے نواز، زرداری کو کرپشن میں مدد دی ، عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سابق نیب چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نوازشریف اور آصف زرداری کو کرپشن میں مدد دی ،حکومت میں آنے کے بعد اسے نہیں چھوڑیں گے ۔
شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ شریفوں اور زرداریوں نے لوگوں کو میرٹ پر آنے نہیں دیا ، ان لوگوں کے آخری دن ہیں ،دیکھنا یہ ملک ایک دم سے اٹھے گا ۔
ان کا کہناتھاکہ نوازشریف اور زرداری نے پیسا بنایا اور امیر سے امیر تر ہوئے اور عوام غریب ہوگئی ،ملک اسی وقت ٹھیک ہو سکتا ہے جب حکمرا ن اپنی ذات کو فائدہ نہ پہنچائیں۔
عمران خان نے کہا کہ پہلے ادوار میں پاکستانی حکمرانوں کی بیرون ملک عزت تھی ،پاکستان سارے خطے کے لئے مثال بناہوا تھا،لیکن کرپشن اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے جو ملک ہم سے پیچھے تھے وہ آگے نکل گئے ۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ملائیشیا اور سنگاپور ماضی میں پاکستان کو ترقی یافتہ ملک سمجھتے تھے ،ان دونوں ممالک نے یہاں سے زیادہ ترقی کی ، مہاتیر نے ادارے مضبوط اور تعلیم پر زور دیا ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ بےروزگاری کامسئلہ سرمایہ کاری آنے سے ختم ہوگا،ایف بی آر میں بھی ایک مافیا ہے ، نیب اور ایف بی آر کو ٹھیک کردیا تو یہ بڑے بڑے چوروں کو پکڑیں گے ۔
عمران خان نے کہا کہ ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے200اچھے لوگوں کی ضرورت ہے،انشاءاللہ میں اس ملک کو ٹھیک کرکے دکھاؤں گا،نظام درست ہوا تو سب سے زیادہ پیسا بیرون ملک مقیم پاکستانی بھیجیں گے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہمارا سب سے بڑا مقابلہ ٹمبرمافیا سےہوا،جو تبدیلی نہیں آنے دیتی ،جسے شکست دینے کے لئے 1ارب درخت لگانے میں کامیاب ہوئے ۔
ان کا کہناتھاکہ بینک آف خیبر نے کبھی منافع نہیں دیا تھا اب اس کا شیئر اوپر چلا گیا ہے ، کے پی پولیس کو ٹھیک کیا ،آئی جی ناصر درانی کو لے کر آئے ۔
انہوں نے دوران تقریر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پر تنقید کی اور کہا کہ جس نے انتخابات میں دھاندلی کی اسے کرکٹ بورڈ کا سربراہ لگادیا گیا اور پاکستان ٹیم اس ملک کی ٹیم سے ہار گئی جہاں گرائونڈ تک نہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button