قطری شہزادے حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کے نوٹس کا جواب دے دیا
اسلام آباد 05 جون 2017
قطری شہزادے حماد بن جاسم نے پانامہ لیکس پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کے نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے قطری شہزادے کا جواب جے آئی ٹی کو بھجوا دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق قطری شہزادے حماد بن جاسم کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے جواب میں انہوں نے کیا لکھا ہے یہ تو تاحال معلوم نہیں ہو سکا البتہ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اپنے جواب میں حماد بن جاسم نے بیان ریکارڈ کروانے کی حامی بھری ہے۔
اس ضمن میں جے آئی ٹی ہی فیصلہ کرے گی کہ قطری شہزادے کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا یا پھر ویڈیو لنک کے ذریعے ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا اور جے آئی ٹی کو یہ مینڈیٹ دیا تھا کہ وہ شریف خاندان کی جانب سے پیش کیے جانے والے قطری خط کی حیثیت سے متعلق تحقیقات کریں۔