قران پاک کی تلاوت سن کر بہت سکون محسوس ہوا: لنڈسے لوہان
لاہور: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ اداکارہ لنڈسے لوہان نے آخر کار اسلام کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ایک غیر ملکی ٹیلی وژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے لنڈسے لوہان نے بتایا کہ قران پاک ہاتھ میں تھامے ان کی تصویر جب شائع ہوئی تو امریکا میں انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور امریکی شہریوں کو میرا یہ عمل بالکل پسند نہیں آیا۔ 30 سالہ اداکارہ نے قران پاک کو ایک محفوظ اور آرام دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک انگلش ترجمے کے ساتھ قران پاک کے 15 صفحات پڑھے ہیں بلکہ عربی رسم الخط کے ساتھ بھی اسے پڑھنے کی پریکٹس کی ہے۔ لنڈسے لوہان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے فون میں ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کی جس کی مدد سے انہوں نے قران پاک کی تلاوت کو بھی سنا۔ جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ قران پاک کی تلاوت سننے کے بعد انہوں نے کہا محسوس کیا؟ تو لنڈسے کا کہنا تھا کہ انھیں قران پاک کی تلاوت سننے سے بہت سکون ملا۔ واضح رہے کہ لنڈسے لوہان کی پرورش کیتھولک ماحول میں ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ امریکی میڈیا میں اس وقت زبردست ہلچل پیدا ہو گئی تھی جب ہالی وڈ اداکارہ لنڈسے لوہان کی قرآن پاک کا ایک نسخہ ہاتھ میں تھامے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ بروکلین میں ایک کمیونٹی سروس کے پہلے دن جب وہ عوام کے سامنے آئیں تو ان کے ہاتھ میں قرآن پاک تھا۔ اس کے بعد لنڈسے لوہان کے اسلام قبول کرنے سے متعلق خبریں سامنے آئیں۔ گزشتہ سال ترکی میں شامی پناہ گزینوں کے ساتھ سکارف پہنے ان کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی۔ لنڈسے لوہان نے انسٹاگرام پر’’اسلام و علیکم‘‘ کا پیغام دے کر نہ صرف سب کو چونکا دیا تھا بلکہ اپنی نازیبا تصاویر بھی ہٹا دیں تھیں۔