پاکستان

قائد اعظم یونیورسٹی میں 20 روز بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال، گرفتار طلبہ رہا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قائد اعظم یونیورسٹی کھول دی گئی اور تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔
پولیس نے پیراور منگل کی درمیانی شب گرفتار کیے گئے تمام طلبہ کو رہا کردیا جس کے بعد منگل کی صبح یونیورسٹی کھول دی گئی اور تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔ پولیس کی نگرانی میں تعلیمی سرگرمیاں پرامن ماحول میں جاری ہیں تاہم آج جامعہ میں طلبہ و طالبات کی حاضری معمول سے کم ہے۔ یونیورسٹی میں20 روز بعد پولیس کی نگرانی میں تدریسی عمل بحال ہوا اور پولیس کی بھاری نفری جامعہ میں تعینات ہے۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے 70 سے زائد طلبہ کو مقدمہ درج ہونے کے باوجود رات گئے رہا کردیا گیا۔ پولیس نے ہڑتالی طلبہ کو پیر کی صبح یونیورسٹی کے اندرسے گرفتار کرکے تھانہ شہزاد ٹاؤن، تھانہ بہارہ کہو اور آئی نائن منتقل کیا اور ان کے خلاف تھانہ سیکرٹیریٹ میں تین الگ الگ مقدمات درج کیے ۔ طلبہ پر کارسرکار میں مداخلت، کلاسز کا بائیکاٹ کرانے اور ہنگامہ آرائی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ احتجاج کرنے والے طلباء جامعہ سے خارج اپنے ساتھیوں کی بحالی کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس سے قبل فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے باعث یونیورسٹی بند تھی تاہم انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں اضافہ واپس لینے کے بعد پیر کو یونیورسٹی کھولی گئی تھی تاہم بعض شرپسند عناصر کو بحال نہ کیا گیا جس پر احتجاج دوبارہ شروع ہوگیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button