قائد اعظم نے فہم و فراست کی بنیاد پر مسلم حقوق کی جنگ لڑی: شاہد خاقان عباسی
پشاور (نیوز وی او سی آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے پاس کوئی فوج یا ہتھیار نہیں بلکہ تعلیم کی طاقت تھی، انہوں نے اپنے فہم وفراست اور علم کی بنیاد پر مسلم حقوق کی جنگ لڑی، بچوں کو ایسی تعلیم دی جائے کہ جب وہ باہر نکلیں تو ان کے پاس صرف ڈگری نہ ہو بلکہ تعلیم بھی ہو۔
اسلامیہ کالج پشاور میں یوم قائد اعظمؒ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قائداعظم کے اصولوں کو اپنا لیں تو پاکستان کسی ملک سے پیچھے نہیں رہے گا، قائد اعظم کو اسلامیہ کالج سے دلی محبت تھی، حقیقی ترقی تعلیمی ترقی کے بغیر ممکن نہیں ہے، قائد اعظم کے پاس کوئی فوج یا ہتھیار نہیں بلکہ تعلیم کی طاقت تھی، ان کے پاس دلیل کی طاقت تھی، انہوں نے اپنے فہم وفراست اور علم کی بنیاد پر مسلم حقوق کی جنگ لڑی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے اورتعلیم سے بہتر کوئی سرمایہ کاری نہیں، ہمیں اپنا تعلیمی نظام بدلنے کی ضرورت ہے ، ڈگریاں بانٹنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ، حکومتی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن دی جائے۔ ایسی تعلیم دی جائے کہ جب بچہ تعلیم مکمل کرے تو اس کے پاس صرف ڈگری نہ ہو بلکہ تعلیم بھی ہو، قائد اعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر چلتے ہوئے ہمیں اس ملک کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے، تعلیم کے فروغ میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن کا کردار بہت اہم ہے، احسن اقبال کے ہوتے ہوئے پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں ہے ، آپ کی جو بھی ضروریات ہوں گی وہ پوری کی جائیں گی۔