فیصل رضا عابدی کو حراست میں لے لیا گیا، نامعلوم مقام پر پوچھ گچھ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے رات گئے سچل تھانے کی حدود میں نیو رضویہ سوسائٹی میں واقع فیصل رضا عابدی کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔فیصل رضا عابدی کو پوچھ گچھ کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اب تک کسی سکیورٹی ادارے کی جانب سے فیصل رضا عابدی کی با قاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے آدھ گھنٹے تک فیصل رضا عابدی کے گھر کی تلاشی لی۔ اس دوران اطراف کی سڑکیں بند کر کے گھر کو حصار میں لیا گیا تھا۔سکیورٹی ادارے کی 10 گاڑیوں نے کارروائی میں حصہ لیا۔ فیصل رضا عابدی کو حراست میں لیے جانے کی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ فیصل رضا عابدی سے چند اہم کیسز کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔