فیصلہ وزیراعظم کے حق میں ہو گا،سرتاج عزیز
لاہور (نیوز وی او سی) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہاہے کہ جے آئی ٹی کا فیصلہ انشا اللہ وزیراعظم نوازشریف کے حق میں آئے گا ،ملکی مفاد سب سے پہلے ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ریمنڈڈیوس کے کیس کے وقت پاک امریکہ حالات کافی کشیدہ ہوچکے تھے ،کلبھوشن کے معاملے پر پالیسی واضح ہے ،پاکستان کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتا،سی پیک منصوبہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ ترقی کا راستہ ہے ،سی پیک سے باہر رہ کر بھارت نقصان اٹھا رہاہے ،امریکہ کی جانب سے صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے کو مستر دکرتے ہیں ۔ ہفتہ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ ہماری خارجہ پالیسی کا مقصد اپنے مفادات کا تحفظ ہے ہم چین اورروس کیساتھ تعلقات مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کلبھوشن یادیو کی آئی سی جے تک رسائی کوئی بڑا معاملہ نہیں پاکستان اوربھارت کو جواب تیار کرنے کیلئے تین ماہ دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی واضح ہے جبکہ برہان وانی شہید سے متعلق پاکستان نے بھرپور مہم چلائی اورکشمیر میں ہونے والے مظالم دنیا بھر میں اجاگرکریں گے ۔ا نہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی دنیا میں مثال نہیں ملتی جبکہ اب تو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں