کھیل

فکسرز کی سزا خوفناک مثال بنے گی:شہریار

کھلاڑیوں نے اعتراف کر لیا تو پھر کسی ٹربیونل کی ضرورت نہیں رہے گی، ایسی سزا دیں گے کہ آئندہ کوئی کھلاڑی ایسا اقدام کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے گا،دھماکے کے باعث کرکٹرز کانفرنس ملتوی کی

دہشتگردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکنا چاہتے ،حکومت سے کہا ہے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرایا جائے ،دھماکے کے باوجود کچھ غیر ملکی آبزرورز سکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے آرہے ہیں،میڈیا سے گفتگو لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکنا چاہتے اس لئے حکومت سے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کاطے شدہ فیصلے کے مطابق لاہور میں ہی انعقاد کرایا جائے ،ہمارے علم میں آیا ہے کہ دھماکے کے باوجود کچھ غیر ملکی آبزرورز سکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے پاکستان آرہے ہیں ،معطل کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کوبورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل(ر) اعظم نے سنا ہے ، اگر کھلاڑیوں نے اعتراف کر لیا تو پھر کسی ٹربیونل کی ضرورت نہیں رہے گی اور ایسی سزا دیں گے کہ آئندہ کوئی کھلاڑی ایسا اقدام کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے گا۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہر یار خان نے کہا کہ معطل کئے گئے کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم کے سامنے پیش ہوئے ہیں جنہیں سنا گیا ہے کیونکہ ہماری سوچ ہے کہ جنہیں ملزم ٹھہرایاگیا ہے انہیں ضرور سنا جائے ۔ بورڈ کے پاس اس حوالے سے جو شواہد ہیں وہ کھلاڑیوں کو دکھائے جائیں گے اور پھر جواب دینے کیلئے ایک سے دو ہفتے کی مہلت دی جائے گی ۔ اگر ٹربیونل بنانے کی ضرورت ہوئی تو یہ سینئر جج کی سربراہی میں قائم ہوگا اور وہ کھلاڑیوں کو سزا دینے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا ۔ دوسری طرف اگر کھلاڑی خود ہی اعتراف کر لیتے ہیں تو پھر ٹربیونل کی ضرورت نہیں ہو گی ۔ انہوں نے معطل کھلاڑیوں سے محمد عامر کی طرح رعایت برتنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا نہیں ہوگا بلکہ اس کے برعکس ہوگا ،کھلاڑیوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی بلکہ انہیں زیادہ سے زیادہ سزا دیں گے تاکہ آئندہ کوئی بھی کھلاڑی ایسا کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے او رایسی حرکت نہ کرے ۔ انہوں نے اس سوال کہ بورڈ کو سارے معاملے کا علم تھا کیوں پیشگی اقدام نہیں کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ ایسا علم میں نہیں تھا بلکہ اسی دن یہ ہوا کہ ڈیڑھ بجے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بلا کر کہا گیا کہ بکیے نظر آرہے ہیں آپ محتاط رہیں اگر کوئی آپ سے رابطہ کرے تو سکیورٹی آفیسرکو بتائیں ۔ انہوں نے کرکٹ کی بہتری کیلئے سابق کرکٹرز پر مشتمل شیڈول گول میز کانفرنس ملتوی کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ دھماکے کی وجہ سے ہوا ہے اور ہمیں کہا گیا تھاکہ ابھی یہ نہ کریں لیکن میں خود سابق کرکٹرز کے پاس جائوں گا اور ان سے کرکٹ کی بہتری کے لئے تجاویز لی جائیں گی ۔انہوں نے لاہور میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد بارے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ ہم فائنل لاہور میں ہی چاہتے ہیں کیونکہ ہم دہشتگردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکنا چاہتے لیکن حکومت جو بہتر سمجھے گی وہ ہمیں بتا دے گی ۔ ہمار ے علم میں آیا ہے کہ جائلز کلارک کے مؤقف کے بعد کچھ غیر ملکی آبزرورز خود کش دھماکے کے باوجود سکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے پاکستان آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سپورٹ پر ان کا شکریہ اداکیا ہے اور انہیں پیغام بھجوایا ہے کہ آپ کے تعاون سے ہی فائنل لاہور میں ہوگا ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے بورڈ کے سامنے رکھے جانے والے مؤقف سے آگاہی بارے کہا کہ آج میڈیا کو اس حوالے سے آگاہ کر دیں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button