فوجی عدالتوں کی کار کردگی بہترین ،فیصلوں سے دہشت گردی میں واضح کمی آئی ، آپریشن ضرب عضب جاری رکھاجائے گا :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
راولپنڈی(نیوز وی او سی آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت کی حامل ہے جبکہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا، فوجی عدالتوں کی کار کردگی بہترین ،فیصلوں سے دہشت گردی میں واضح فرق آیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 198ویں کور کمانڈر کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو )راولپنڈی میں منعقد ہوئی، کانفرنس میں ملک کی داخلی اور خارجہ سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔شرکا نے ملک میں جاری فوجی آپریشن ’ضرب عضب‘ اور اس کے ملک کی داخلی سیکیورٹی کی صورتحال پر پڑنے والے مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور تمام کو ر کمانڈرز کا فوجی عدالتوں کی کارکردگی کی سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں نے جو فیصلے لئے ان سے دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی ہوئی جبکہ عدالتوں نے مقررہ وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔آرمی چیف نے پاک فوج کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آخری دہشتگردکی موجودگی تک انسداد دہشتگردی آپریشن جاری رکھا جائے اوردہشت گردی سے پاک علاقوں میں استحکام برقرار رکھا جائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کروز میزائل ’بابر تھری‘ کے کامیاب تجربے پر اسٹریٹجک اداروں کو مبارکباد دی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھنے اور دہشت گردوں سے خالی کرائے علاقوں کی صورتحال کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے فوجی آپریشنز کے باعث عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کا عمل بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کے لیے کام کرنے والے تمام ریاستی اداروں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔شرکا نے ملک کی سیکیورٹی کو درپیش ہر خطرے سے نمٹنے کے عزم کو دہرایا۔