فوجی عدالتوں کی مدت آج ختم ،توسیع کی تجویز زیر غور نہیں،اب مقدمات انسداد دہشت گردی عدالتوں میں چلیں گے:چودھری نثار
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)دہشت گردوں کو سزا دینے کی فوجی عدالتوں کی مدت آج ختم ہو رہی ہے ، کل سے دہشت گردوں کا ٹرائل نہیں کرسکیں گی،وزیر داخلہ چودھری نثارنے کہا ہے کہ ان کی مدت میں توسیع کی ابھی تک کوئی تجویز نہیں آئی اور نہ ہی زیر غور ہے،اب ایسے مقدمے فوجی عدالتوں کے بجائے انسداد دہشت گردی عدالتوں میں چلیں گے۔
جیو نیوز کے مطابق ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چندروزقبل بھیجے گئے 40مقدمات پر کارروائی نہیں ہوسکی تھی،فوجی عدالتوں میں 120 مقدمات زیرسماعت ہیں،کل سے160مقدمات انسداددہشتگردی عدالتوں کے سپردہوجائینگے۔فوجی عدالتوں کے مستقبل پرمشیرقانون بیرسٹرظفراللہ لاعلم پائے گئے،ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ وزارت قانون کا نہیں وزارت داخلہ کا ہے،جبکہ اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ تجویزہے کہ انسداد دہشت گردی عدالتیں جیل کے اندرٹرائل کریں،فوجی عدالتوں کے مقدمات اب انسداد دہشتگردی عدالتوں میں جائیں گے۔دوسری جانب وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں 2سال کیلئے قائم کی گئیں تھیں،ان کی مدت میں توسیع کی ابھی تک کوئی تجویز نہیں آئی اور نہ ہی زیر غور ہے،اب ایسے مقدمے فوجی عدالتوں کے بجائے انسداد دہشت گردی عدالتوں میں چلیں گے-
واضح رہے اے پی ایس پشاور سانحے کے بعد تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے فوجی عدالتیں قائم کی گئی تھیں ،ان عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کے بعد متعدد دہشتگردوں کو پھانسی کی سزادی گئی ہے۔