فریقین شام بحران کا فوری حل تلاش کریں، پاکستان
لاہور: پاکستان نے شام کے علاقہ دومہ میںکیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کے تناظر میں تمام فریقوں پر اقوام متحدہ کے منشور کیخلاف کسی قسم کے اقدام سے گریز پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی ملک کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں حقائق کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے ادارے کی تحقیقات کے ذریعے سامنے لانا انتہائی ضروری ہے،انھوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریق شام کے عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے مسئلے کا فوری حل تلاش کریں گے۔
علاوہ ازیں دفترخارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کوسکھ یاتریوں سے ملاقات سے روکنے کے الزامات کومستردکردیا۔ترجمان نے کہا ہے کہ باباگرونانک کے بارے میں متنازع فلم کے معاملے پر ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظربھارتی ہائی کمشنر کی آمد موخر کرنے کا کہا گیا تھا،بھارتی ہائی کمیشن نے بھرپور مشاورت کے بعد صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دورہ منسوخ کیا، ترجمان نے حقائق توڑ موڑ کر پیش کرنے کی بھارتی کوشش اورسکھ یاتریوں کے دورے کے بارے میں تنازع پیدا کرنے اورماحول خراب کرنیکی کوشش کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ سیکریٹری متروکہ وقف املاک بوڈر نے بھارتی ہائی کمشنرکوسکھ برداری کے اجتماع میں باضابطہ شرکت کی دعوت دی، متنازع فلم پرسکھ برداری کے لوگ سراپا احتجاج تھے۔ سیکیورٹی صورتحال بگڑنے کے خدشے پرسیکریٹری بورڈ نے بھارتی ہائی کمشنر کوآمد موخر کرنے کی درخواست کی تھی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارتی دفتر خارجہ کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
بھارتی حکومت کا مذہبی مقامات سے متعلق پاک بھارت طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام پاکستان پر لگانا حیران کن ہے۔ بھارت نے خود دو دفعہ پاکستانی زائرین کو خواجہ غریب نواز عرس پر جانے کے لیے ویزے نہ دے کر اس معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے