پاکستان

فاٹا، قومی دھارے میںلائیں، قبائلیوں کے جذبات کا احترام کرینگے، آرمی چیف

راولپنڈی (ایجنسیاں) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت اور امن و استحکام کے لئے قبائلی عوام کی قربانیوںکو سراہتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی حمایت کرتی ہے‘ فاٹاکے معاملے پر قبائلی عوام کے جذبات کا احترام کریں گے‘فاٹا کی قسمت کافیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق کیاجائے گا‘ فاٹا میں دیر پا امن و استحکام کے لئے اقدامات کررہے ہیں‘ قبائلیوں کے موقف کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں،فاٹا میں دہشتگردی کیخلاف کامیابی بہادر قبائلیوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوئی‘نوجوان فاٹا میں امن اور ترقی کیلئے اپناکردار جاری رکھیں۔ وہ بدھ کو فاٹا کے عمائدین اور یوتھ جرگہ کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے عمائدین اور نوجوانوں کے وفود سے الگ الگ تفصیلی گفتگو کی‘ وفد نے پاک فوج کی فاٹا میں امن و استحکام کے قیام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کوششوں کو سراہا۔ وفود نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا‘ پاک فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین اور یوتھ کی مکمل حمایت کو بھی سراہا‘فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے وفود کے خیالات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں کے ذریعے کامیابیاں حاصل کی ہیں‘ اب ہم استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں‘ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر صورتحال‘سکیورٹی اقدامات اور تعاون کوبڑھانے کے حوالہ سے افغان قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا‘ آرمی چیف نے دونوں وفود کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج فاٹا کو عوامی خواشات کے مطابق قومی دھارے میں لانے کی مکمل حمایت کرتی ہے‘انہوں نے فاٹا کے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ بطور مستقبل کی قیادت فاٹا میں امن اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button