فاروق ستار توبہ کر کے آجائیں:مصطفی کمال
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عشرت العباد کاوقت ختم ہوچکا، عشرت العباد سوائے شرکے کچھ نہیں کرسکتے ، پروگرام "خبریہ ہے "میں میزبان حبیب اکرم اور عظمیٰ نعمان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت ایک قومی پارٹی ہے اور وہ پاکستان کی سیاست کر رہے ہیں ۔ان کا پشاور کا دورہ پارٹی سیٹ اپ کے لئے تھا۔عمران خان کا حق ہے وہ کراچی آئیں،انہیں زیادہ سے زیادہ کراچی آنا چاہئے اور کراچی میں رہنا چاہئے ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 26اضلاع میں پارٹی کا سیٹ اپ کام کر رہا ہے جبکہ سندھ کے 23اضلاع میں پی ایس پی کے لوگ کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بالآخر ہمارے پاس ہی آئے گی۔فاروق ستار کے لئے دروازے کھلے ہیں وہ توبہ کرکے آجائیں ان کو ان کے پرانے گناہ یاد نہیں دلائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ سلیم شہزاد کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات نہیں کیں،الیکشن قوانین میں ترمیم کی منظوری دی ہے ۔یہ اصلاحات کے زمرے میں نہیں آتا وفاقی کابینہ نے انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام کا کوئی اصول وضع نہیں کیا۔خواتین کے لئے 5فیصد نشستوں کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔خواتین کی مخصوص نشستوں کو ختم کردینا چاہئے ۔