ایڈیٹرکاانتخاب

غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کا اجرا: 3 نادرا افسران گرفتار

کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے رینک پر فائز ان نادرا افسران کو بلوچستان کے علاقوں خانوزئی، دالبندین اور مائی زائی اڈہ سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتاری کے بعد ان افسران کو تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے ریجنل ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے غیر ملکیوں، بالخصوص افغان مہاجرین کو 35 سے زائد شناختی کارڈز جاری کیے، جبکہ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجرا کے حوالے سے نادرا کے مزید افسران کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔
نادرا ذرائع کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے چند افسران نے بھاری رقم کے عوض غیر ملکیوں کو شناختی کارڈز جاری کیے۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کی ضلع نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت اور ان کے پاس سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ برآمد ہونے کے بعد، بلوچستان میں غیر ملکیوں کو پاکستانی شناختی کارڈز جاری کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا
طالبان امیر کو پاک ۔ افغان سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ کے رہائشی ولی محمد کے نام سے شناختی کارڈ جاری کیا گیا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ ملا اختر منصور کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے حوالے سے اب تک نادرا اور مقامی انتظامیہ کے 7 افسران کو گرفتار کرچکا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button