عید الاضحی کا سیکیورٹی پلان جاری۔
گوجرانوالہ 28 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
4500افسران اور جوان الرٹ رہتے ہوئے ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورت حال میں مزید بہتری لانے کے لئے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری۔پر ہجوم مقامات، مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز، پارکوں، کمرشل سینٹرز، کاروباری پوائنٹس، اہم شاہراہوں، مساجد،امام بارگاہیں اور عید گاہوں پر 4500سے زائد پولیس افسران اور جوان الرٹ رہتے ہوئے فرائض سر انجام دیں گے۔ قومی رضا کار اور مختلف سماجی کمیٹیوں کے ارکان بھی جذبہ حب الوطنی کے تحت پولیس کے معاون ہوں گے۔ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے الیٹ پولیس کی پانچ ٹیمیں اور 15ریزرو ہائے پولیس لائنز میں موجود ہوں گی جب کہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی ڈویژنز کی زیر نگرانی بھی ایک ایک ریزرو سٹینڈ بائی رہے گی۔الیٹ کے مسلح کمانڈوز شہر بھر میں گشت کریں گے ۔کسی کو قانون شکنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے پولیس افسران اور شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سی پی او نے کہا کہ عوامی نمائندوں سے رابطہ کر کے ضلعی امن کمیٹیوں اور عوامی کمیٹیوں کو تھانہ کی سطح پر فعال بنایا جائے تا کہ عید کے مو قع پر امن اور مذہبی ہم آہنگی کی فضابرقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔سپیشل برانچ اور سو ل ڈیفنس کے عملہ کی مدد سے تمام حساس مساجد اور عید گاہوں کی سرچ اینڈ سویپنگ کروائی جائے اور مناسب چیکنگ اور سکریننگ کے بعد نمازیوں کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے ۔تمام گاڑیاں نماز عید کے اجتماع سے کم از کم 200میٹر کے فاصلے پر پارک کی جائیں۔مناسب خیال کرتے ہوئے ارد گرد مکانات اور مقامات کی چھت پر بھی ڈیوٹی لگائی جائے۔ اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی ہے، سختی سے عمل درآمد کروایا جائے ۔نفرت ا نگیز مواد کی تقسیم پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ قبرستانوں میں لوگ اپنے عزیز و اقارب کی فاتحہ خوانی کے لئے آتے ہیں ،ان کی سیکیورٹی کا بھی مناسب بندوبست کیا جائے۔ وہی خیراتی ا دارے اورتنظیمیں قربانی کی کھالیں اکھٹی کر سکتی ہیں جن کے پاس ڈی سی کاجاری کردی سرٹیفکیٹ ہو گا ۔ قانون شکنی کرنے والے اداروں اور جماعتوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہو ں گے۔انہوں نے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حساس اور اہم مقامات پر یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں کی ڈیوٹی کے سا تھ ساتھ سفید پارچات میں ملبوس جوانوں کی بھی ڈیوٹی لگائی جائے گی جومشتبہ افراد ، اشیاء، گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ،مشکوک پارسل، بیگ یا پیکٹ پر کڑی نظر رکھیں گے۔ہوٹل انتظامیہ اور گیسٹ ہاؤس کے مالکان کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ غیر متعلقہ اور مشکوک افراد کو رہائشی سہولت فراہم نہ کریں۔بس ڈرائیورز مسافروں کو سوار کرتے وقت تلاشی ضرور لیں ۔ خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کے ساتھ انفرمیشن شےئر کریں ۔ مویشی مالکان کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔مویشی منڈیوں میں بروقت ڈیوٹی بجھوائی جائے اور نو سرباز، ٹھگ اور فراڈئیے اشخاص کی کڑی نگرانی کی جائے۔سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے مزید کہا کہ ٹریفک کی ر وانی کو برقرار رکھنے کے لئے چیف ٹریفک آفیسر کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں سبز نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور مشکوک ایمبولینسز کی خصوصی چیکنگ ہو گی۔ گاڑیوں کے سیاہ شیشے ا تروار دئیے جائیں گے، نیلی ریوالونگ لائیٹ کا غیر قانونی استعمال نہیں ہو گا۔غیر نمونہ اور بلا نمبری موٹر سائیکل کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ مزید براں لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے با خبر رہنے کے لئے سی پی او آفس میں مرکزی کنٹرول روم فون نمبر (055-9200638-9)قائم کیا گیا ہے جو ڈی ایس پی لیگل سید محمود الحسن کی زیر نگرانی تین شفٹوں میں کام کرے گا ۔شہری کسی بھی ناگہانی صورت حال یا معلومات کے سلسلے میں مذکورہ نمبرز پرکسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں ۔