عوام کو اپنی حفاظت کیلئے خود کچھ کرنا پڑیگا، سراج الحق –
لاہور (نیوز وی او سی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کے سامنے بے بس ہو گئی ہے ،اب عوام کو اپنی حفاظت کے لیے خود کچھ کرنا پڑے گا، دہشتگردی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے ہر پاکستانی کو اپنے حصے کا پانی ڈالنا ہو گا، نیشنل ایکشن پلان کا مقصد مساجد و مدارس کا محاصرہ نہیں تھا ، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کو مذہب کی طرف موڑ کر اس کے مقاصد کو محدود اور اصل دہشتگردوں کو ریلیف دیا، دہشتگردوں نے دو دنوں میں چاروں صوبوں میں دھماکے کر کے ثابت کر دیا کہ دہشتگردی کے واقعات کو روکنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا بلکہ دہشتگرد خود چھٹی پر تھے ، دہشتگردوں کے سدباب اور انہیں عبرت کا نشان بنانے کے لیے فوجی عدالتوں کی توسیع سمیت حکومت سے جو بن پڑتا ہے وہ کرے مگر کسی معاملے میں بھی حکومت کو ون ویلنگ نہیں کرنی چاہیے ۔ 295 سی میں ترمیم برداشت نہیں کریں گے ، یکم مارچ کو ملک بھر میں یوم ممتاز قادری منائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جمعہ کو منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران کی لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ ، خوشحال پاکستان فنڈ مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور جامع مسجد منصورہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا –