ایڈیٹرکاانتخاب

عوام کا خون چوسنے والوں کو شکست دینگے:عمران خان

جہلم (نیوز وی او سی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن نے کہا ہے کہ جمہوریت میں لیڈرشپ میرٹ پر آتی ہے ، بادشاہت میں لیڈرشپ خاندان کے ذریعے آتی ہے ، نواز شریف کا حال ترکی کے آخری سلطان جیساہے ، پاکستان میں طاقتورکیخلاف عدالت فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتاہے مجھے کیوں نکالا؟، لیڈرہمیشہ جدوجہد کرکے بنتاہے ،پرچی پرلکھ کرنہیں،زرداری نے وصیت کے کاغذ کا ٹکڑا دکھایا اور کہا کہ مجھے پارٹی وراثت میں مل گئی ہے ،ہمارے دشمن تو ہمارے ملک کے اندر ہی بیٹھے ہیں ، عوام کا خون چوسنے والوں کو شکست دیں گے ، لاہور ہائی کورٹ کے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ سامنے لانے کے فیصلے پر اﷲ کا شکرگزار ہوں ۔ جہلم کے علاقے دینہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کس طرح کہا کہ وہ نواز شریف سے متعلق فیصلہ نہیں مانتے ؟اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ وہ بھی نواز شریف کی طرح عدالتوں اور سپریم کورٹ کو نہیں مانتے ، آپ ملک کے وزیر اعظم ہو یا نواز شریف کے درباری؟ وزیراعظم نے ملک سے باہر جا کر یہ بیان دیا کہ کابل میں ہونے والے دھماکہ میں لوگ پاکستان سے گئے ،آپ کو اس حوالے سے پہلے کابینہ میں بتا نا چاہیے تھا آپ باہر جاکر بیان دے رہے ہیں۔وزیر خارجہ آصف خواجہ کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ملک کاوزیر خارجہ ایسا بیان دیتا ہے تو ملک دشمن لوگوں کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے دشمن تو ہمارے ملک کے اندر ہی بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقامہ آصف کواپنے ذہن کی صفائی کر نی ہو گی، وزیر اعظم اوروزیر خارجہ بھارت اور افغانستان کی زبان بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا حال ترکی کے آخری سلطان جیساہے جس نے کہا تھا کہ کہ ترکی کے دو حصے کردو لیکن میر ی بادشاہت میرے پاس رہنے دو،نواز شریف بھی ایسا ہی کر رہے ہیں ان کو اپنی دولت کی فکر ہے چاہے ملک میں عدلیہ اور اداروں کی عزت باقی رہے نہ رہے ، چوہدری نثار کا مریم نواز کے ساتھ کیسا مقابلہ ؟اعتزاز احسن اور بلاول بھٹو کاکیا مقابلہ؟اگر جماعتوں کے اندر میرٹ ہوتا تو حالات ایسے نہ ہوتے ۔ عدالتی اورمعاشی انصاف کے بعد میرٹ ہے لیکن پاکستان میں طاقتورکیخلاف عدالت فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتاہے مجھے کیوں نکالا؟ ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں بجلی سارے خطے میں سب سے مہنگی ہے ،جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ بڑے لوگ پیسہ چوری کرکے باہر لیجاتے ہیں اس لیے بجلی مہنگی ہے ۔ہمار ے ملک میں ایک چھوٹاسا طبقہ امیرہوتاجارہاہے ،غریب غریب ترہور ہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خوشحالی شریفوں اور زرداریوں کیلئے نہیں ہونی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم بنا رہے ہیں تحریک انصاف کے کھلاڑی ملک کیلئے کھیلیں گے ، امیر اور غریب کا فرق بڑھ جائے تو معاشرہ پیچھے رہ جاتا ہے ، چین نے سب سے پہلے امیر اور غریب میں فرق کم کیا لیکن پاکستان میں امیروں سے ٹیکس اکٹھا کرنے کے بجائے عوام پر ٹیکس لگایا جاتا ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیربھٹو لیڈر تھے ، زرداری اور بلاول نے کیا کیا؟ وراثت کا کاغذ دکھا کر زرداری لیڈر بن گئے ، لیڈر ایسے نہیں بنتا، جد و جہد کے بعد بنتا ہے ۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ ملک کا خون چوس رہے ہیں، ان کو شکست دے کر نیا پاکستان بنائیں گے ۔عمران خان نے دینہ میں دوسرے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹا سا طبقہ عوام پر ظلم کر رہا ہے ،،مقصد نہ ہو تو انسان اور جانور میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔پاکستان مین عام آدمی کا بچہ اوپر نہیں جا سکتا، ہم نے اس ملک کو عظیم ملک بنانا ہے اور کمزور طبقے کو اوپر آنے کا موقع فراہم کرنا ہے اس ملک میں میرٹ لانا ہے ،انسانی معاشرے میں انصاف ہوتا ہے ،یورپ میں امیروں اور غریبوں کے بچے ایک ہی اسکول میں پڑھتے ہیں ۔ہم نے پختونخوا میں سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر کی جہاں ایک لاکھ بچے نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں آگئے ،انھوں نے کہا کہ جنگل میں شیر ایک ہرن پر حملہ کرتا ہے سارے ہرن اکٹھے ہو جائیں تو شیر کو بھگا دیتے ہیں جتنے وسائل پاکستان میں ہیں شاید ہی کسی ملک میں ہوں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button